پی ٹی آئی کے رکن قومی اسمبلی کرامت کھوکھر کیخلاف دائر انتخابی عذرداری پر سماعت16نومبر تک ملتوی

جمعہ 9 نومبر 2018 16:50

پی ٹی آئی کے رکن قومی اسمبلی کرامت کھوکھر کیخلاف دائر انتخابی عذرداری ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 نومبر2018ء) الیکشن ٹربیونل نے این ای135 سے تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی ملک کرامت کھوکھر کے خلاف دائر انتخابی عذرداری پر سماعت16نومبر تک ملتوی کر دی ۔لاہور ہائیکورٹ کے مسٹر جسٹس چوہدری اقبال پر مشتمل الیکشن ٹربیونل نے مسلم لیگ (ن) کے ناکام امیدوار سیف الملوک کھوکھر کی جانب سے دائر انتخابی عذرداری پر سماعت کی۔

(جاری ہے)

درخواست گزار نے موقف اپنایا کہ ملک کرامت کھوکھر آرٹیکل 62اور63 پر پورا نہیں اترتے۔کرامت کھوکھر نے کاغذات نامزدگی میں اپنے اثاثے چھپائے۔درخواست گزار نے 55ہزار 45ووٹ اور کرامت کھوکھر نے 64ہزار 75 ووٹ حاصل کئے۔درخواست گزار کو فارم 45 فراہم نہیں کیا گیا۔ استدعا ہے کہ انتخابی نتائج کالعدم قرار دے کر دوبارہ انتخاب کا حکم دیا جائے ۔پی ٹی آئی کے ملک کرامت کھوکھر کے وکیل نے انتخابی عذرداری کے قابل سماعت ہونے پر اعتراض کر دیا۔ جس پر الیکشن ٹربیونل نے سماعت 16نومبر تک ملتوی کردی ۔