نیب کے خلاف پروگرام کرنے پر حکومتی اراکین بھی صحافی سے خوش ہیں

ان کا کہنا ہے کہ صحافی نے نیب کو بُری طرح بے نقاب کر دیا ہے۔ معروف صحافی حامد میر

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین ہفتہ 10 نومبر 2018 14:10

نیب کے خلاف پروگرام کرنے پر حکومتی اراکین بھی صحافی سے خوش ہیں
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 10 نومبر 2018ء) : نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں بات کرتے ہوئے معروف صحافی حامد میر نے کہا کہ میں جب پارلیمنٹ ہاؤس میں تھا تو چودھری فواد چونکہ وفاقی وزیراطلاعات ہیں لہٰذا انہوں نے تو نیب کا دفاع ہی کیا ہے۔ لیکن پاکستان تحریک انصاف کے ایک بہت ہی سینئیر رکن اسمبلی، پاکستان تحریک انصاف کے ہی تین ایم این ایز اور پاکستان تحریک انصاف کے ایک انتہائی سینیٹر نیب کے خلاف پروگرام کرنے پر شاہ زیب خانزادہ سے بہت خوش تھے اور ان کا کہنا تھا کہ شاہ زیب خانزادہ نے نیب کو بُری طرح بے نقاب کر دیا ہے۔

میں نے ان سے پوچھا کہ آپ کیوں خوش ہو رہے ہیں؟ انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کے بھی کئی لوگ ہیں جن کا نیب کی فہرست میں نام ہے۔ واضح رہے کہ نیب نے کرپٹ افسران کے خلاف کارروائیوں کا آغاز کر دیا ہے جس پر نیب پر سیاسی دباؤ بڑھانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔

(جاری ہے)

نیب نے کرپٹ افسران اور ملازمین کے خلاف کارروائیوں کا فیصلہ کیا تو مسلم لیگ ن بوکھلاہٹ کا شکار ہو گئی اور اپنے بیانات میں کہا کہ حکومت اور نیب کا گٹھ جوڑ ہے ، نیب حکومت کی ایما پر مسلم لیگ ن کے خلاف انتقامی کارروائیاں کر رہی ہے اور یہ سب ایک منصوبہ بندی کے تحت کیا جا رہا ہے۔

تاہم جب یہ بیانات بھی کام نہیں آئے تو مسلم لیگ ن نے نیب پر دباؤ ڈالنے کے لیے قومی احتساب بیورو کے خلاف پراپیگنڈہ کرنے کی ٹھان لی ہے۔آ ئندہ چند روز میں نیب کے چند افسران کے خلاف باقاعدہ پراپیگنڈہ کرنے کی منصوبہ بندی ہو چکی ہے اور نیب کو متنازع بنانے کے حوالے سے کئی افراد کو تیار کیا جا رہا ہے جنہیں نیب کے خلاف استعمال کیا جائے گا ۔ نیب کے خلاف ایک ایسی پراپیگنڈہ مہم کا آغاز کیا جائے گا جس سے قومی احتساب بیورو متنازع ہو جائے گا اور یہ تاثر دینے کی کوشش کی جائے گی کہ نیب مسلم لیگ ن کے ساتھ انتقامی کارروائیاں کر رہا ہے۔ ذائع کے مطابق اس ضمن میں دو پاکستانی میڈیا ہاؤسز اور تین انٹرنیشنل میڈیا ہاؤسز کو بھی استعمال کیے جانے کی منصوبہ بندی کی گئی ہے۔