امریکا جاپان سے دوطرفہ تجارتی معاہدے پر بات چیت کرے گا،

دوطرفہ تجارتی معاہدے سے آزادانہ اور منصفانہ کاروباری سرگرمیوں کے مواقع میسر آئیں گے، امریکا کے نائب صدر مائیک پینس کی جاپانی وزیراعظم سے ملاقات کے بعد صحافیوں سے گفتگو

منگل 13 نومبر 2018 16:27

امریکا جاپان سے دوطرفہ تجارتی معاہدے پر بات چیت کرے گا،
ٹوکیو۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 نومبر2018ء) امریکا کے نائب صدر مائیک پینس نے کہا ہے ان کا ملک جاپان کے ساتھ ایسے دوطرفہ تجارتی معاہدے پر بات چیت کرے گا جو ایک ماڈل ہوگا۔

(جاری ہے)

جاپان کے وزیراعظم شنزو ایبے کے ساتھ منگل کو ملاقات کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے مائیک پینس نے کہا کہ امریکی کاروباری اداروں کو جاپان میں طویل عرصے تک غیر منصفانہ رکاوٹوں کا سامنا کرنا پڑا اور دونوں ملکوں کے درمیان تجارتی عدم توازن رہا ہے، ماضی میں امریکی مصنوعات اور خدمات کے شعبے کو جاپانی مارکیٹ میں مناسب انداز میں مسابقت کیلئے مشکلات کا سامنا رہا ، دوطرفہ تجارتی معاہدے سے آزادانہ اور منصفانہ کاروباری سرگرمیوں کے مواقع میسر آئیں گے۔

توقع ہے کہ اس معاہدے میں اشیاء اور خدمات کی تجارت کے حوالے سے قواعد طے پاجائیں گے۔یاد رہے کہ جاپانی وزیراعظم شنزو ایبے اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ستمبر میں ایک ایسے تجارتی معاہدے بارے بات چیت پر رضامندی ظاہر کی تھی جس سے جاپان امریکا کے محصول کے حوالے سے فہرست میں شامل ہونے سے محفوظ رہ سکے۔

متعلقہ عنوان :