بریگزٹ معاہدے کی منظوری کے بعد برطانوی کابینہ کے دو وزیر مستعفی

پہلا استعفیٰ بریگزٹ کے وزیر ڈومینک راب ،دوسرا ورکس اینڈ پینشن کی وزیر ایستھر میکووے نے دیا

جمعرات 15 نومبر 2018 17:46

لندن(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 نومبر2018ء) برطانوی کابینہ کی جانب سے یورپی یونین سے علیحدگی، یعنی بریگزٹ کے معاہدے کے مسودے کی منظوری کے بعد کابینہ کے دو ارکان اپنے عہدوں سے مستعفی ہو گئے ۔برطانوی ٹی وی کے مطابق پہلا استعفیٰ بریگزٹ کے وزیر ڈومینک راب کی جانب سے آیا جس کے کچھ دیر بعد ورکس اینڈ پینشن کی وزیر ایستھر میکووے بھی اپنے عہدے سے مستعفی ہو گئیں۔

(جاری ہے)

ڈومینک راب نے ٹوئٹر پر اپنے مستعفی ہونے کا اعلان کرتے ہوئے کہاکہ آج میں بطور بریگزٹ سیکریٹری مستعفی ہو گیا ہوں۔ میں یورپی یونین کے ساتھ ہونے والے معاہدے کی حمایت نہیں کر سکتا، یہ میرے ضمیر پر بوجھ ہو گا۔ وزیراعظم کو خط لکھا ہے جس میں تمام تر وجوہات کی وضاحت کی گئی ہے، اور ان کا مستقل احترام۔ایستھر میکووے نے اپنے استعفے میں وزیراعظم کو مخاطب کر کے لکھا کہ آپ نے گذشتہ روز کابینہ کے سامنے جو معاہدہ رکھا وہ ریفرینڈم کے نتائج کی لاج نہیں رکھتا۔ درحقیقت یہ ان عزائم سے بھی مطابقت نہیں رکھتا جو آپ نے اپنی وزارتِ عظمیٰ آغاز پر متعین کیے تھے۔