کراچی، بلدیہ عظمیٰ کراچی اپنی خالی زمین پر ہاکر زون قائم کرنے پر کام کررہی ہے، وسیم اختر

مناسب زمین کے تعین کے بعد ٹھیلے اور پتھارے والوں کو باعزت کاروبار کی سہولت کی فراہمی کے لئے ان کو ہاکر زون میں جگہ دی جائے گی شاپنگ پلازوں اور مارکیٹوں کے سامنے تجاوزات کے خاتمے کے لئے تاجر تعاون کریں تاکہ شہر کو خوبصورت بنانے اور تجاوزات کے خلاف کارروائی میں مشترکہ طور پر کوشش کی جائے،میئر کراچی

جمعرات 15 نومبر 2018 20:52

کراچی، بلدیہ عظمیٰ کراچی اپنی خالی زمین پر ہاکر زون قائم کرنے پر کام ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 15 نومبر2018ء) میئر کراچی وسیم اختر نے کہا ہے کہ بلدیہ عظمیٰ کراچی اپنی خالی زمین پر ہاکر زون قائم کرنے پر کام کررہی ہے، مناسب زمین کے تعین کے بعد ٹھیلے اور پتھارے والوں کو باعزت کاروبار کی سہولت کی فراہمی کے لئے ان کو ہاکر زون میں جگہ دی جائے گی، شاپنگ پلازوں اور مارکیٹوں کے سامنے تجاوزات کے خاتمے کے لئے تاجر تعاون کریں تاکہ شہر کو خوبصورت بنانے اور تجاوزات کے خلاف کارروائی میں مشترکہ طور پر کوشش کی جائے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے آرام باغ مارکیٹ ایسوسی ایشن اتحاد کے عہدیداروں کے نمائندہ وفد سے با ت چیت کرتے ہوئے کیا جس نے میئر کراچی کے دفتر میں ان سے ملاقات کی اور جاری انسداد تجاوزات مہم کے حوالے سے تاجروں کے خدشات سے آگاہ کیا، وفد میں جامع کلاتھ مارکیٹ، اللہ والا مارکیٹ، اردو بازار ایسوسی ایشن اور دیگر انجمنوں کے نمائندے شامل تھے، اس موقع پر تاجر نمائندوں نے کہا کہ کراچی کے تاجر شہر میں جاری انسداد تجاوزات مہم کی حمایت کرتے ہیں اور اس مہم میں بلدیہ عظمیٰ کراچی کے ساتھ ہیں تاہم تاجروں نے فیصلہ کیا ہے کہ بلدیہ عظمیٰ کراچی کی ٹیم ہماری رہنمائی کرے ہم خود سن شیڈز اور تجاوزات کو ختم کردیں گے تاکہ کسی بھی قسم کے نقصان سے بچا جاسکے، اس موقع پر میئر کراچی وسیم اختر نے تاجروں کو بتایا کہ متعلقہ عملے کو ہدایات جاری کردی گئی ہیں کہ 12 انچ باہر بورڈ زکو نہ چھیڑا جائے صرف وہ لوگ جو فٹ پاتھ پر قابض ہیں یا ان کی دکانوں کا سن شیڈز اور چھجا نکلا ہوا ہے وہ اس کو فوراً ازخود ختم کردیں، کارروائی کے دوران نقصانات کا اندیشہ موجود رہتا ہے، انہوں نے کہا کہ ہم نہیں چاہتے کہ کسی بھی شہری کا نقصان ہو مگر قابضین نے ازخود تجاوزات ختم نہ کیں تو بلدیہ عظمیٰ کراچی کو مجبوراً کارروائی کرنا پڑے گی،ہماری خواہش ہے کہ تاجر ہمارے ساتھ مل کر شہر کو خوبصورت بنانے کی اس مہم میں شامل ہوں انہوں نے تاجروں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اردو بازار، جامع کلاتھ مارکیٹ اور آرام باغ کے دیگر علاقوں کے تاجروں نے ازخود چھجے اور چھپڑے توڑنا شروع کردیئے ہیں اور فٹ پاتھ بھی خالی کر رہے ہیں، میئر کراچی وسیم اختر نے کہا کہ جامع کلاتھ مارکیٹ میں تجاوزات کی وجہ سے کشادہ سڑک سے سنگل گاڑی کو بھی گزرنا مشکل ہورہی ہے لہٰذا تاجر اس پر توجہ دیں اور تجارتی علاقوں سے تجاوزات کو خود ختم کردیں تاکہ بلدیہ عظمیٰ کراچی کو کارروائی کی ضرورت نہ پڑے، انہوں نے کہا کہ شہر کے تمام علاقوں میں پینافلیکس نصب کرکے لوگوں کو آگاہ کردیا گیا ہے کہ وہ قبضہ کی گئی جگہ کو خالی کردیں کیونکہ جلد ہی کارروائی شروع کردی جائے گی۔

#