ممبئی پولیس نے معروف کوریو گرافر کو گرفتار کرلیا

نئی ڈانسرز کو رقص سکھانے کے بہانے جسم فروشی کے کاروبار پر مجبور کرتی تھی

جمعہ 16 نومبر 2018 16:50

ممبئی پولیس نے معروف کوریو گرافر کو گرفتار کرلیا
ممبئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 16 نومبر2018ء) بھارتی ریاست مہارا شٹر کے دارالحکومت ممبئی میں پولیس نے بولی وڈ کی ایک معروف کوریو گرافر کو نئی ڈانسرز کو رقص سکھانے کے بہانے جسم فروشی کے کاروبار پر مجبور کرنے کے الزام میں گرفتار کرلیا۔بولی وڈ کوریوگرافر 56 سالہ اگنیس ہملٹن ممبئی کے پوش علاقے لوکھنڈوالا آندھرے میں اپنی رہائش گاہ میں نئی لڑکیوں کو رقص کی تربیت دیتی تھیں۔

اگنیس ہملٹن بولی وڈ کی اداکاراں اور گانوں میں پرفارمنس کرنے والی ڈانسر کو بھی تربیت دیتی تھیں۔

(جاری ہے)

ممبئی کی کرائم برانچ پولیس کی انسداد بھتہ خوری نے کوریو گرافر کی رہائش گاہ پر چھاپہ مار کر انہیں گرفتار کیا۔پولیس نے بتایا کہ اس بات کے اشارے ملے ہیں کہ اگنیس ہملٹن ڈانس کی تربیت دینے اور ڈانس پروگرامات کرنے کی آڑ میں لڑکیوں کو جسم فروشی پر مجبور کرتی تھیں۔

پولیس کے مطابق اگنیس ہملٹن رقص سیکھنے والی لڑکیوں کو بیرون ممالک میں ڈانس فیسٹیول میں شرکت کے بہانے جسم فروشی کے لیے اسمگل کرتیں اور انہیں مجبور کرتیں کہ وہ غلیظ کاروبار کریں۔پولیس نے ان کے خلاف تعزیرات ہند کے تحت خواتین کو غیر قانونی طور پر بیرون ملک بھیجنے سمیت غیر اخلاقی سرگرمیوں کی دفعات کے تحت مقدمہ بھی درج کرلیا۔