جسٹس جاوید قبال کا نیب لاہور کے پراسیکیوٹر عارف محمود رانا کو شوکاز نوٹس جاری کرنے کا حکم

ہفتہ 17 نومبر 2018 07:10

اسلام آباد ۔ 15 نومبر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 نومبر2018ء) قومی احتساب بیورو کے چیئرمین جسٹس جاوید قبال نے نیب لاہور کے پراسیکیوٹر عارف محمود رانا کو شوکاز نوٹس جاری کرنے کا حکم دیا ہے۔ متعلقہ پراسیکیوٹر نے معزز لاہور ہائی کورٹ میں ایک مقدمہ کی سماعت کے دوران ڈی جی نیب لاہور اور ڈپٹی پراسیکیوٹر جنرل نیب لاہور سے مشاورت کئے بغیر معزز عدالت سے استدعا کی کہ نیب سے درخواست کے بارے میں کمنٹس لئے جائیں جو کہ مبینہ طو ر پر ملزم کا بھی مؤقف تھا۔

نیب پراسیکیوٹر عارف محمود رانا نے یہ جانتے ہوئے بھی کہ نیب متعلقہ مقدمہ میں اپنے کمنٹس پہلے ہی جمع کرا چکا ہے پھر بھی ملزم کو فائدہ پہنچانے کیلئے نیب کے پراسیکیوٹر نے اپنے فرائض سے غفلت برتی جس پر نیب لاہور کے پراسکیوٹر عارف محمود رانا کو شوکاز نوٹس جاری کرنے کا حکم دیا ہے۔

(جاری ہے)

شوکاز نوٹس میں متعلقہ پراسیکیوٹر سے ان کی اپنے فرائض کی سرانجام دہی میں کوتاہی کی وجوہات معلوم کی جائیں گی تاکہ معاملہ کو قانون کے مطابق منطقی انجام تک پہنچایا جائے۔

چیئرمین نیب نے نیب کے تمام پراسیکیوٹرز اور انوسٹی گیشن آفیسرز کو ہدایت کی ہے کہ وہ ہر مقدمہ کی قانون کے مطابق پوری تیاری اور ضروری دستاویزات کے ساتھ پیروی کریں اور متعلقہ معزز عدالت میں قانون اور ٹھوس شواہدکے مطابق اپنے مؤقف بھرپور انداز سے پیش کریں تاکہ بدعنوان عناصر کو قانون کے مطابق سزا دلوائی جا سکے اور ان سے قوم کی لوٹی گئی رقوم برآمد کرکے قومی خزانے میں جمع کرائی جائے جو کہ نیب کا بنیادی نصب العین ہے۔