حکومت خارجہ پالیسی اسلامی اصولوں کی روشنی میں مرتب کرے، دردانہ صدیقی

ملک کو داخلی طور پر محفوظ بنانے کے بعد خارجی تحفظ بھی انتہائی اہم ہوتا ہے، کتاب کی تقریب رونمائی سے خطاب

پیر 19 نومبر 2018 19:01

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 نومبر2018ء) خارجہ پالیسی ہر ملک و حکومت کی بنیادی ضرورت ہوتی ہے۔ملک کو داخلی طور پر محفوظ بنانے کے بعد خارجی تحفظ بھی انتہائی اہم ہوتا ہے۔اس لئے ہر ملک اپنی خارجہ پالیسی غور و فکر کے ساتھ نظریہ اور مفادات کی بنیاد پر تشکیل دیتا ہے۔رسول اکرمؐ نے اپنی سفارت کاری اور خارجہ حکمت عملی میں جو اقدامات فرمائے ، وہ آپ کے بے مثال تدبر و فراست اور آئین جہاں بانی کے آئینہ دار ہیں۔

حکومت خارجہ پالیسی اسلامی اصولوں کی روشنی میں مرتب کرے،یہ بات سیکریٹری جنرل جماعت اسلامی خواتین دردانہ صدیقی نے جامعة المحصنات کراچی میں ڈاکٹر حسین بانو کی کتاب ’’رسول اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کی سفارت کاری اور خارجہ پالیسی‘‘ کی تقریب رونمائی سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزیدکہا کہ الحمداللہ صاحب کتاب قابل تعریف ہیں کہ انہوں نے اس موضوع پر قلم اٹھایا اور اللہ تعالی کا شکر ہے کہ اس نے ایسے لعل و گوہر تحریک کو عطا کیے ہیں۔

علاوہ ازیں سابقہ ممبر قومی اسمبلی عائشہ منور، چیئرپرسن المحصنات ٹرسٹ تحسین فاطمہ ، امت الرقیب، نگران جامعات المحصنات پاکستان افشاں نوید نے اپنے تبصرے میں ڈاکٹر حسین بانو کو خراج تحسین پیش کیا اور حسین بانو جامعات المحصنات کا سرمایہ ہیں اور جامعات المحصنات کے لیے بہت بڑا اعزاز ہے کہ ان کی سابقہ طالبہ نے ایک منفرد موضوع چنا اور اس پر کتاب لکھی جو کہ وقت کی ضرورت ہے اس موضوع پر آج تک کسی نے کتاب نہیں لکھی ۔تقریب میں شریک دیگر مہمانان نے بھی کتاب پر اپنے تبصرے پیش کئے۔