کوئٹہ ، صوبائی حکومت صوبہ بھر میں عوام کی فلاح و بہبود کیلئے ہر ممکن دستیاب وسائل کو بروئے کار لارہی ہے،نوابزادہ طارق مگسی

پائیدار ترقی کے اہداف کے حصول کیلئے ہمیں دیرپا بنیادوں پر ٹھوس اقدامات اٹھا کر عوام کے وسیع تر مفاد میں ترقیاتی منصوبے بروقت پایہ تکمیل تک پہنچا کر انکے ثمرات سے نچلی سطح پر عوام کو مستفیدکرنا ہوگا،صوبائی وزیر مواصلات و تعمیرات

پیر 19 نومبر 2018 21:55

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 19 نومبر2018ء) صوبائی وزیر مواصلات و تعمیرات نوابزادہ طارق مگسی نے کہا ہے کہ موجودہ صوبائی حکومت نصیر آباد سمیت صوبہ بھر میں اجتماعی نوعیت کے ترقیاتی منصوبے بناکر عوام کی ترقی و خوشحالی اور فلاح و بہبود کو یقینی بنانے کیلئے ہر ممکن دستیاب وسائل کو بروئے کار لارہی ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے میر اسلم مگسی اور میر گل حسن مگسی کی قیادت میں گنداواہ اور جھل مگسی کے ملنے والے وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔

صوبائی وزیر نے کہا کہ پائیدار ترقی کے اہداف کے حصول کیلئے ہمیں دیرپا بنیادوں پر ٹھوس اقدامات اٹھا کر عوام کے وسیع تر مفاد میں ترقیاتی منصوبے بروقت پایہ تکمیل تک پہنچا کر انکے ثمرات سے نچلی سطح پر عوام کو مستفیدکرنا ہوگا ۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر نے کہا کہ صحت ، تعلیم ، پانی اور مواصلات کے شعبوں کو موجودہ حکومت نے اپنی ترجیحات میں سر فہرست رکھا ہے ۔

ان شعبوں کی مزید بہتری کے لئے مؤثر اقدامات کئے جارہے ہیں ۔ اس موقع پر وفود نے صوبائی وزیر کو علاقے کے عوام کو درپیش مسائل و مشکلات سے آگاہ کیا جس پر صوبائی وزیر نے کہا کہ آپ کے مسائل حل کرنا میر ی ذمہ داری ہے ۔ میرے دروازے آپ کیلئے ہروقت کھلے ہیں ۔ انہوں نے وفد کو یقین دلایا کہ علاقے کے مسائل کو دیر پا بنیادوں پر حل کیلئے ہر ممکن اقدامات کئے جائیں گے۔ دریں اثناء صوبائی وزیر سے سابق صوبائی وزیر میر عبدالغفور لہڑی ، سابق نگران صوبائی وزیر اطلاعات ملک خرم شہزاد اور ڈپٹی سیکریٹری اسٹیبلشمنٹ اظہر اقبال سیال نے بھی علیحدہ علیحدہ ملاقات کی ۔