عیدمیلادالنبی ﷺ کل 12ربیع الاول کو مذہبی عقیدت و احترام سے منائی جائیگی، ملک بھر میں عام تعطیل

گلیاں ، بازار سج گئے ، چھوٹے بڑے شہروں ،قصبوں میں سیرت النبیﷺ کانفرنسزکا انعقاد ،محافل منعقد کی جائیں گی

منگل 20 نومبر 2018 14:11

عیدمیلادالنبی ﷺ کل 12ربیع الاول کو مذہبی عقیدت و احترام سے منائی جائیگی، ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 نومبر2018ء) ملک بھر میں عیدمیلادالنبی ﷺ کل ( بدھ)12ربیع الاول کو مذہبی عقیدت و احترام سے منائی جائے گی ،وفاقی اور صوبائی حکومتوں نے اس دن کی مناسبت سے عام تعطیل کا اعلان کیا ہے ۔عید میلاد النبی ﷺ کے سلسلہ میں ملک کے چھوٹے بڑے شہروں ،قصبوں میں سیرت النبیﷺ کانفرنسزکا انعقاد کیا جائیگا جس میں آپ ﷺ کی سیرت مبارکہ پر روشنی ڈالی جائے گی جبکہ ہزاروں مقامات پر محافل منعقد کی جائیں گی جن میں معروف نعت خواں ہدیہ نعت پیش کریں گے ۔

(جاری ہے)

عید میلاد النبیﷺ کے سلسلہ میں ملک بھر میں جلوس نکالے جائیں گے جس میں شرکاء سارے راستے درود پاک پڑھیں گے ۔ملک بھر میں مساجد،گھروں،گلیوں اور بازاروں کو خصوصی طور پر جھنڈیوں سے سجایا گیا ہے ۔مساجد اور سرکاری ،نجی عمارتوں پر دیدہ زیب چراغاں کا بھی اہتمام کیا گیا ہے ۔دارالحکومت اسلام آباد کی تمام سرکاری عمارتیں برقی قمقموں سے جگ مگ کررہی ہیں جبکہ پارلیمنٹ، سپریم کورٹ اور دیگر عمارتیں بھی سجا دی گئی ہیں۔پولیس سمیت دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے 12 ربیع الاول کی مناسبت سے فول پروف سکیورٹی انتظامات کے لئے انتظامات کو حتمی شکل دیدی گئی ہے ۔