آئی جی اے ڈی خواجہ کا عہدہ سنبھالنے کے بعد موٹروے پولیس ٹریننگ کالج کا دورہ ،

چاک و چوبند دستے کی سلامی ایڈیشنل آئی جی خالد محمود ،کمانڈنٹ ٹریننگ کالج ڈی آئی جی محبوب اسلم کے ہمراہ شہداء کی یادگار پر دعا ،پھول چڑھائے

منگل 20 نومبر 2018 16:25

آئی جی اے ڈی خواجہ کا عہدہ سنبھالنے کے بعد موٹروے پولیس ٹریننگ کالج ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 نومبر2018ء) نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس کے سربراہ کا عہدہ سنبھالنے کے بعد آئی جی اے ڈی خواجہ نے موٹروے پولیس ٹریننگ کالج کا دورہ کیا جہاں انہیں چاک و چوبند دستے نے سلامی پیش کی ۔ آئی جی اے ڈی خواجہ نے ایڈیشنل آئی جی خالد محمود اور کمانڈنٹ ٹریننگ کالج ڈی آئی جی محبوب اسلم کے ہمراہ شہداء کی یادگار پر ان کے درجات کی بلندی کے لئے دعا کی اور پھولوں کا گلدستہ چڑھایا۔

آئی جی موٹروے پولیس اے ڈی خواجہ نے اکیڈمک بلاک، میس ہال، زیر تربیت افسران کی رہائش گاہ، فائرنگ رینج ، سپورٹس کمپلیکس اور دیگر مقامات کا دورہ کیا۔ ایڈیشنل آئی جی خالد محمود اور ڈی آئی جی محبوب اسلم نے آئی جی موٹروے کو ٹریننگ کے شیڈول اور طریقہ کار کے بارے میں بریف کیا۔

(جاری ہے)

آئی جی کو بتایا گیا کہ زیر تربیت افسران کو جدید خطوط پر عملی تربیت دی جا رہی ہے اور ان کے کمرہ کلاس کو بہترین آڈیو وڈیو آلات سے آرستہ کیا گیا ہے۔

آئی جی اے ڈی خواجہ نے فرانس سے درآمد شدہ جدید ایچ ٹی وی تھری ڈی سمولیٹر کا معائنہ بھی کیا اور ڈرائیورز کی جدید طرز پر پیشہ ورانہ تربیت پر زور بھی دیا۔ آئی جی اے ڈی خواجہ کو آمدہ ہفتہ میں شروع ہونے والے موٹروے پولیس کے سالانہ سپورٹس فیسٹیول کی تیاریوں اور انتظامات کے متعلق بھی بریف کیا گیا۔ بعد ازاں آئی جی موٹروے اے ڈی خواجہ نے مختلف کورسز میں شامل زیر تربیت افسران سے خطاب بھی کیا اور انہیں بتایا کہ موٹروے پولیس نے اپنی نیک نامی ایمانداری، روڈ یوزرز کیساتھ خوش اخلاقی اور سب سے بڑھ کر مشکل وقت میں مسافروں کی بروقت مدد کر کے حاصل کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ اگر ڈرائیور غصہ کرنا نہیں چھوڑ سکتا تو ہم بھی خوش اخلاقی جو ہمارا بنیادی شعار ہے نہیں چھوڑ سکتے۔آئی جی نے مزید کہا کہ جس طرح کی تربیت انکو فراہم کی جا رہی ہے وہ اس فورس سے اعلی درجے کے پیشہ ورانہ رویے کی امید کرتے ہیں انہوں نے کہا کہ وہ کوشش کریں گے کہ ان کو ذیادہ سے ذیادہ سہولتیں فراہم کی جائیں تاکہ وہ اپنی تمام تر توجہ اپنی صلاحیتوں کو نکھارنے پر لگا سکیں۔