Live Updates

محنت کش ہیلتھ کارڈ کی بدولت سوشل سیکورٹی ہسپتالوں سے تاحیات علاج کراسکیں گے ،صوبائی وزیر انصر مجید خان

منگل 20 نومبر 2018 23:44

فیصل آباد۔20اکتوبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 نومبر2018ء) صوبائی وزیر لیبر انصر مجید خان نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت محنت کشوں کوہیلتھ کارڈ کی فراہمی یقینی بنائے گی جس کی بدولت وہ سوشل سیکورٹی ہسپتالوں سے تاحیات علاج معالجہ کراسکیں گے۔انہوں نے یہ بات سرکٹ ہائوس میں مزدور رہنمائوں کے نمائندہ وفد سے ملاقات کرتے ہوئے کہی۔اسلم وفا،بابا لطیف انصاری،اسلم معراج،امداد اعوان اور دیگر کے علاوہ ڈائریکٹر لیبر ملک منور اعوان اور سوشل سیکورٹی افسران بھی موجود تھے۔

صوبائی وزیر لیبر نے مزدور رہنمائوں کی طرف سے کم از کم اجرت پر عملدرآمد،ورکرز کی تنخواہوں میں اضافہ،لیبر کا لونیز کو فنکشنل بنانے،میرج و ڈیتھ گرانٹ کی ادائیگی،سوشل سیکورٹی کارڈ کے اجراء،بھٹہ مزدوروں کے بچوں کو تعلیمی سہولیات اوردیگر مسائل سنے اور یقین دلایا کہ ان کے حقوق کا مکمل تحفظ کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر نے کہا کہ صوبہ کے ہر ڈویژن میں سوشل سیکورٹی ہسپتال بناکرمزدوروں کو ان کی دہلیز پر علاج معالجہ کی جدید ومعیاری سہولیات فراہم کریں گے جبکہ فیصل آباد میں مزدوروں کیلئے کارڈیالوجی ہسپتال بھی بنایا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ محنت کشوں کے بچوں کو تعلیم کی فراہمی کیلئے نئے ورکرز ویلفیئر سکولوں کے قیام کے علاوہ موجودہ سکولوں کے معیار میں بھی اضافہ کے لئے اقدامات ترجیحات میں شامل ہیں ۔صوبائی وزیر نے کہا کہ بھٹہ مزدوروں کو سوشل سیکورٹی کارڈز کا اجراء یقینی بنائیں گے۔اس سلسلے میں محکمہ سوشل سیکورٹی کو تیزرفتار اقدامات کی ہدایت کے علاوہ ون ونڈو آپریشن بھی قائم کیا جارہا ہے جہاں ماہانہ کارکردگی رپورٹس مانیٹرہوںگی۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت نئے لیبر قوانین لارہی ہے جس کا براہ راست فائدنہ محنت کشوں کو ہوگا۔اسی طرح مزدوروں کو ان کے حقوق سے آگاہی کے لئے مہم شروع کی جارہی ہے ۔انہوں نے کہا کہ لیبر ہال کی مرمت ترجیحی بنادوں پر کی جائے گی اور لیبر کالونیوں کے مالکانہ حقوق کی فراہمی کے لئے مزدور رہنمائوں کی مشاورت وتجاویز کومقدم رکھا جائے گا۔قبل ازیں اسلم وفا،بابالطیف انصاری،اسلم معراج ودیگر مزدوروں نے صوبائی وزیر لیبر انصر مجید خاں کو فیصل آباد آمد پر خوش آمدید کہا اورمحنت کشوں کے حقوق کے تحفظ کے لئے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کرنے پر وزیراعظم عمران خان کا شکریہ ادا کیا۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات