Live Updates

نبی پاکؐ کا اسوہ حسنہ بنی نوع انسان کے لیے مشعل راہ ہے، منورہ منیر

بدھ 21 نومبر 2018 17:40

کوئٹہ ۔21نومبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 نومبر2018ء) پاکستان تحریک انصاف کی رکن قومی اسمبلی منورہ منیرنے نبی آخرالزماں حضرت محمد کی ولادت باسعادت کے موقع پر اٴْمت مسلمہ کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ نبی کریم حضرت محمد کو تمام جہانوں کے لیے رحمت بناکر بھیجا گیا،نبی پاک کا اسوہ حسنہ بنی نوع انسان کے لیے مشعل راہ ہے،نبی اکرم ؐکا اسوہ انسانیت کے لیے مینارہ نور ہے۔

دنیا و آخرت میں سرخروئی، اتباعِ رسول کے بغیر ممکن نہیں، آج ہماری پسماندگی کی سب سے بڑی وجہ رسول اکرم کی اتباع سے دوری ہے۔ حضوراکرم کی تعلیمات پر عمل پیرا ہوکر معاشرے سے ظلم، زیادتی، ناانصافی اور بدامنی کا خاتمہ کیا جاسکتا ہے اور پاکستان کو درپیش مسائل سے نجات دلاکر امن کا گہوارہ بنایا جاسکتا ہے۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو منوجان روڈ کوئٹہ میں محفل میلاد سے خطاب کرتے ہوئے کیا،رکن قومی اسمبلی منورہ منیر نے کہا کہ خاتم الانبیاء، محسن انسانیت حضرت محمد کی ولادت باسعادت تاریخ انسانی کا سب سے بڑا واقعہ ہے، نبی کریم کی سنت سے مسائل کا حل افہام وتفہیم اور مکالمے کے ذریعے نکالنے کا درس ملتا ہے نبی کریم کی محبت کا سب سے بڑا تقاضا یہی ہے کہ ہم اپنی علاقائی اورمسلکی اختلافات کو مفاہمتی حکمت عملی کی روشنی میں حل کریں۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات