پاکستانی ٹیم نے ہواوے آئی سی ٹی مقابلہ 2018 ء مڈل ایسٹ انٹرنیشنل فائنلز میں تیسری پوزیشن حاصل کرلی

منگل 27 نومبر 2018 16:10

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 نومبر2018ء) پاکستانی طلباء کی ٹیم نے ہواوے آئی سی ٹی مقابلہ 2018 مڈل ایسٹ انٹرنیشنل فائنلز میں تیسری پوزیشن حاصل کرلی۔ پاکستانی ٹیم میں اعلیٰ صلاحیتوں کے حامل 6 نوجوان طالب علموں کاانتخاب کیا گیا تھا۔ مقابلے میں 13 ٹیموں نے حصہ لیا۔ مقابلہ کی افتتاحی تقریب چین کے شہرشینزن میں واقع ہواوے کے ہیڈکوارٹرز میں منعقد ہوئی جس میں مشرق وسطیٰ کے 13 ممالک کے طلبا اوراساتذہ نے شرکت کی۔

ہواوے کے ڈائریکٹربرائے گلوبل ٹریننگ اینڈ سرٹیفیکیشن براڈ فینگ نے افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مقابلے میں حصہ لینے والی ٹیموں کا خیرمقدم کیا۔ مقابلے میں شامل ٹیموں نے 8 گھنٹے تک فائنل امتحان میں حصہ لیا جہاں ان ٹیموں کیلئے ورکشاپ کا انعقاد بھی کیا گیا جبکہ اساتذہ کیلئے ہیڈکوارٹرز کے دورے کا بھی اہتمام کیا گیا تھا۔

(جاری ہے)

ایوارڈ دینے کی تقریب میں دیگرکے علاوہ متعدد ممالک کے سفارتکاروں نے بھی شرکت کی۔

گوانگ ژو میں پاکستان کے قونصلرجنرل ڈاکٹر دیارخان نے بھی تقریب میں شرکت کی۔ انہوں نے طلباء کو ان کی کامیابیوں پر مبارکباد دی۔ پاکستان کی ٹیم بی میں یوای ٹی لاہور کے محمد صائم، یوای ٹی لاہور کے شہواریونس اور پاک اے آئی ایم ایس یونیورسٹی کے محمد عمرشامل تھے جنہوںنے شاندار کارگردگی کا مظاہرہ کیا ۔ تیسری پوزیشن حاصل کرنے والی پاکستانی ٹیم زوہیب انور(ورچوئل یونیورسٹی)، عاصم فرید(ورچوئل یونیورسٹی) اورلاہورلیڈز یونیورسٹی کی جویریہ عباس پر مشتمل تھی۔واضح رہے کہ ہواوے نے ہائیرایجوکیشن کمیشن کے ساتھ مل کر ملک بھر کی جامعات اورتعلیمی اداروں کو مقابلے میں شرکت کی دعوت دی تھی ، اس کا مقصد آئی سی ٹی انڈسٹری ٹیکنالوجی سرٹیفیکیشن کو فروغ دینا ہے۔