کوہاٹ، بین الصوبائی کار لفٹر گروہ کا ماسٹر مائنڈ رکن گرفتار

جمعہ 30 نومبر 2018 23:05

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 30 نومبر2018ء) کوہاٹ پولیس نے بین الصوبائی کار لفٹر گروہ کے ماسٹر مائنڈ رکن کو گرفتار کرلیا ہے۔ انٹیلی جنس بیسڈ کاروائی میں ملزم کی گرفتاری ضلع مردان سے عمل میں لائی گئی ۔ کار لفٹر سے مسروقہ موٹر کار بھی برآمد کرلی گئی ہے۔ ملزم 23جولائی کو کار لفٹنگ کی واردات کے دوران کوہاٹ انڈس ہائی وے پر ایک شہری سے موٹر کار بھگا کر روپوش ہوگیا تھا۔

پولیس ذرائع کے مطابق ایس ایچ او تھانہ جرما قسمت خان نے انڈس ہائی وے پر تین ماہ قبل خالد حمید نامی شکردرہ کے رہائشی باشندے کوموٹر کار گاڑی سے محروم کرنے والے کار لفٹنگ کی واردات میں ملوث ملزم کا سراغ لگالیا اور گزشتہ روز پولیس نفری کے ہمراہ کاروائی کرتے ہوئے ضلع مردان سے بین الصوبائی کار لفٹر گروہ کے ماسٹر مائنڈرکن کچکول ولد عبدالمنان سکنہ میروزئی کوہاٹ کو گرفتار کرلیا ۔

(جاری ہے)

پولیس نے کاروائی کے دوران گرفتارمبینہ کار لفٹر کے قبضے سے مسروقہ موٹر کار نمبر اسلام آباد AV-236برآمد کرلی ہے۔کامیاب کاروائی کے بعدملزم کومسروقہ موٹر کار سمیت فوری طور پر کوہاٹ منتقل کردیا گیا ہے جنہیں مزید تحقیقات کیلئے تفتیشی ٹیم کے حوالے کردیا گیا ہے۔پولیس ذرائع کے مطابق زیر حراست ملزم بین الصوبائی کار لفٹنگ نیٹ ورک کا ماسٹر مائنڈ رکن ہے جو ملک کے صوبائی دارالحکومت اسلام آباد سمیت مختلف شہروں سے قیمتی گاڑیاں چوری کرنے کی وارداتوں میں ملوث ہے ۔

مسروقہ موٹر کار سمیت گرفتار کار لفٹر نے ابتدائی تفتیش کے دوران کار لفٹنگ کی اس واردات کے علاوہ بھی کئی وارداتوں کا اعتراف کرلیا ہے اور ملزم نے د یگر ساتھیوں کے نام بھی اگل دئیے ہیں۔زیر حراست ملزم کے خلاف تھانہ جرما میں مقدمہ درج کرلیا گیا ہے اور ملزم کا عدالت سے جسمانی ریمانڈ حاصل کرکے انوسٹی گیشن ٹیم کے ذریعے ان سے پوچھ گچھ شروع کردی گئی ہے۔