سٹی پولیس نے گھر میں چھاپہ مار کر بھاری مقدار میں اسلحہ برآمد کر لیا، ملزم کے خلاف مقدمہ درج

بدھ 5 دسمبر 2018 11:00

ہری پور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 دسمبر2018ء) سٹی پولیس ہری پور نے گھر میں چھاپہ مار کر بھاری مقدار میں اسلحہ برآمد کر لیا، ملزم کے خلاف مقدمہ درج کر کے تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق ہری پور پولیس کو اطلاع ملی تھی کہ مہران گاڑی میں بھاری مقدار میں اسلحہ ایبٹ آباد سے پنجاب بذریعہ جی ٹی روڈ سمگل کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے جس پر ڈی پی او ہری پور ڈاکٹر زاہد الله کی ہدایت پر ڈی ایس پی ہیڈ کوارٹر محمد صابر اور ایس ایچ او تھانہ سٹی صدیق خان نے مختلف مقامات پر ناکہ بندیاں کی لیکن ان ناکہ بندیوں کے باوجود گاڑی پکڑی نہیں جا سکی۔

اسی اثناء میں سٹی پولیس کو بذریعہ مخبر اطلاع ملی کہ مذکورہ اسلحہ تلوکر گائوں کے ایک گھر میں اتارا گیا ہے۔

(جاری ہے)

مخبر کی اطلاع پر ڈی ایس پی ہیڈ کوارٹر محمد صابر نے ہمراہ ایس ایچ او تھانہ سٹی صدیق شاہ اور دیگر نفری پولیس و لیڈی پولیس کے تلوکر گائوں میں چھاپہ مار کر گھر کے صحن سے غیر قانونی اسلحہ رائفل 12 بور 10 عدد، 9 عدد ریپیٹر، 10 عدد 30 بور مائوزر، 10 عدد پستول 30 بور اور 33 ہزار گولیاں 30 بور برآمد کر لیں۔ گھر اور اسلحہ ذاکر الله نامی اسلحہ ڈیلر کا نکلا جس کے خلاف اسلحہ آرڈیننس 15AA کے تحت تھانہ سٹی ہری پور میں مقدمہ درج کر کے پولیس نے تفیش کا آ غاز کر دیا ہے۔