برطانیہ کا نیا پاکستان ہاوسنگ اسکیم کے حوالے سے بڑا فیصلہ

برطانیہ ، پاکستان میں 50 لاکھ گھروں کی تعمیر کے لیے معاونت فراہم کرے گا

Syed Fakhir Abbas سید فاخر عباس بدھ 5 دسمبر 2018 22:56

برطانیہ کا نیا پاکستان ہاوسنگ اسکیم کے حوالے سے بڑا فیصلہ
پشاور (اُردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔05 دسمبر 2018ء) برطانیہ نے نیا پاکستان ہاوسنگ اسکیم کے لیے مالی معاونت فراہم کرنے کا اعلان کر دیا۔تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف نے ملک میں موجود غریب عوام کے لیے 50 لاکھ گھروں کی تعمیر کا اعلان کیا جس پر عملی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ ابتدائی طور پر جن سات شہروں میں رجسٹریشن شروع کی گئی ان میں وفاقی دارالحکومت اسلام آباد، فیصل آباد، سکھر، ڈیرہ اسماعیل خان، کوئٹہ، گلگت اور مظفر آباد شامل ہیں۔

تاہم اب نیا پاکستان ہاؤسنگ اسکیم کو 19 شہروں تک وسیع کر دیا گیا ہے۔ حکومت کی جانب سے یہ فیصلہ ملک میں موجود غریب عوام کی شرح کو مد نظر رکھتے ہوئے کیا گیا۔ وزارت ہاؤسنگ کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا کہ حکومت نے نیا پاکستان ہاؤسنگ اسکیم میں جنوبی پنجاب کے دو بڑے شہروں ڈیرہ غازی خان اور مظفر گڑھ کو بھی شامل کرنے کا فیصلہ کیا ہے جس کے بعد اس اسکیم میں شامل شہروں کی تعداد 19 ہو جائے گی۔

(جاری ہے)

ابتدائی طور پر اس پروگرام کو 7 بڑے شہروں میں لانچ کیا گیا تھا لیکن بعد ازاں اس اسکیم میں مزید 10 شہروں کو شامل کیا گیا جن میں لاہور ، ملتان ، رحیم یار خان،لیہ ، بہاولپور،وہاڑی، قصور،سیالکوٹ، جہلم اور گوجرانوالہ شامل ہیں۔ تاخیر سے ڈیرہ غازی خان اور مظفر گڑھ کو بھی اس پروگرام میں شامل کر دیا گیا۔اس منصوبے کے حوالے سے اہم ترین خبر یہ ہے کہ برطانیہ نے نیا پاکستان ہاوسنگ اسکیم کے لیے معاونت فراہم کرنے کا اعلان کیا ہے تاہم برطانوی حکومت کا کہنا ہے کہ اس معاملے کو آگے لے کر چلنے کے لیے بیوروکریٹک رکاوٹوں کو دور کرنا ہوگا۔

برطانوی ترقیاتی ادارہ 50 لاکھ گھروں کی تعمیر کے لیے کار انداز کو مالی معاونت فراہم کرے گا جس سے بلڈرز کو آسان شرائط پر قرضے مل سکیں گے۔برطانوی ادارے نے انکشاف کیا ہے کہ پاکستان میں ایک کروڑ گھروں کی کمی ہے اور اگر نیا پاکستان ہاوسنگ اسکیم کے تحت سستے گھر تیار کئیے جائیں تو اس سے ملکی معیشت کو بڑا فائدہ پہنچے گا۔