صحت، تعلیم، شیلٹر اور روزگار سے متعلق مسائل کے حل کیلئے مؤثر اقدامات ناگزیر ہیں،

معاشرے میں ہر سطح پر انسانی حقوق کے تحفظ اور مساوات کیلئے انفرادی ذمہ داریاں ادا کرنے کی ضرورت ہے پارلیمانی سیکرٹری تجارت شاندانہ گلزار اور دیگر مقررین کا انسانی حقوق سے متعلق اقوام متحدہ کے اعلامیہ کے 70 برس مکمل ہونے پر منعقدہ سیمینار سے خطاب

پیر 10 دسمبر 2018 18:19

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 دسمبر2018ء) پارلیمانی سیکرٹری تجارت شاندانہ گلزار نے کہا ہے کہ معاشرے میں ہر سطح پر انسانی حقوق کے تحفظ اور مساوات کیلئے انفرادی ذمہ داریاں ادا کرنے کی ضرورت ہے، صحت، تعلیم، شیلٹر اور روزگار سے متعلق مسائل کے حل کیلئے مؤثر اقدامات ناگزیر ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے انسانی حقوق سے متعلق اقوام متحدہ کے اعلامیہ کے 70 برس مکمل ہونے پر منعقدہ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

سیمینار کا انعقاد پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف پارلیمنٹری سروسز (پپس) نے غیر سرکاری تنظیم آکسفیم کے تعاون سے کیا۔ اس موقع پر رکن قومی اسمبلی ریاض فتیانہ نے ملک کے دور افتادہ علاقوں میں صحت، تعلیم، شیلٹر اور روزگار کے مسائل کے حل کیلئے پائیدار ترقیاتی اہداف (ایس ڈی جی) کی طرف سے کی گئی کاوشوں کو سراہا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر آکسفیم کے کنٹری ڈائریکٹر قزلباش خان نے کہا کہ معاشرہ میں عدم مساوات کے خاتمہ کیلئے انفرادی سطح پر انصاف کی فراہمی ضروری ہے۔

فیڈریشن آف پاکستان چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے چیئرمین ملک سہیل نے کہا کہ شہریوں کو بااختیار بنانے کیلئے معاشی سرگرمیوں کا فروغ ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ معاشرہ میں شہریوں کو مفید کاروباری سرگرمیوں میں شامل کرکے اپنے پائوں پر کھڑا کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ انسانی حقوق کے تحفظ کیلئے انفرادی سطح پر ذمہ داریوں کا احساس ضروری ہے۔ سیمینار سے ایگزیکٹو ڈائریکٹر پپس ظفر الله خان نے شرکاء کو خوش آمدید کہا جبکہ سیمینار سے کریم عزیز، عاصم جعفری اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔