نئی ٹیسٹ رینکنگ، اظہر علی ٹاپ 10بلے بازوں کی فہرست میں شامل

اسد شفیق کی ترقی،محمد عباس کی تیسری سے چوتھی پوزیشن پر تنزلی

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب منگل 11 دسمبر 2018 12:51

نئی ٹیسٹ رینکنگ، اظہر علی ٹاپ 10بلے بازوں کی فہرست میں شامل
دبئی(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔11دسمبر2018ء) نیوزی لینڈ کے کپتان کین ولیمسن پاکستان کے خلاف ابوظہبی میں کھیلے گئے تیسرے ٹیسٹ میچ میں89اور 139رنز کی شاندار باریاں کھیلنے کے بعد 900پوائنٹس کی حد عبور کرنے والے نیوزی لینڈ کے پہلے اور دنیا کے مجموعی طور پر 32ویں بلے باز بن گئے ہیں ۔ابوظہبی ٹیسٹ میں شاندار بیٹنگ کے بعد کین ولیمسن کو نئی بیٹنگ رینکنگ میں 37پوائنٹس ملے جس کے بعد انہوں نے 913پوائنٹس کے ساتھ سابق آسٹریلوی کپتان سٹیو سمتھ کو پیچھے چھوڑتے ہوئے دوسری پوزیشن پر قبضہ جما لیا ،کین ولیمسن سے قبل لیجنڈری کیوی فاسٹ باﺅلر سر رچرڈ ہیڈلی بلے یا گیند کے ساتھ 900پوائنٹس کا سنگ میل عبور کرنے والے واحد نیوزی لینڈ کے کھلاڑی تھے ، انہوں نے نومبر،دسمبر1985ءمیں آسٹریلیا کے خلاف پرتھ ٹیسٹ میں 65رنز کے عوض5اور90رنز کے عوض6وکٹیں حاصل کرنے کے بعدرینکنگ میں909پوائنٹس اپنے نا م کیے تھے ، کین ولیمسن ٹیسٹ بیٹنگ کی تاریخ میں زیادہ پوائنٹس حاصل کرنے والے کھلاڑیوں میں کین بیرنگٹن(914 پوائنٹس) سے پیچھے اور لیجنڈری ویسٹ انڈین بلے باز برائن لارا (911پوائنٹس) سے اوپر27ویں پوزیشن پر موجود ہیں ۔

(جاری ہے)

بھارتی کپتان ویرات کوہلی آسٹریلیا کے خلاف ایڈیلیڈ ٹیسٹ میں محض 3اور34رنز سکور کرنے کے باعث15پوائنٹس سے محروم ہوگئے ہیں اور اب انہیں 920پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر موجود کین ولیمسن پر محض7پوائنٹس کی برتری حاصل ہے ،کوہلی کو اب جمعے سے پرتھ میں شروع ہونے والے دوسرے ٹیسٹ میں عمد ہ کاکردگی دکھانی ہوگی ورنہ وہ ٹیسٹ رینکنگ میں پہلی پوزیشن سے محروم ہوسکتے ہیں جو انہوں نے اگست 2018ءمیں انگلینڈ کے خلاف ایجبیسٹن ٹیسٹ کے بعد سے اپنے نام کررکھی ہے ۔

نیوزی لینڈ کے ہنری نکولس نے پاکستان کے خلاف تیسرے ٹیسٹ کی دوسری اننگز میں126رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلنے کے بعد رینکنگ میں 17ویں سے9ویں پوزیشن پر چھلانگ لگائی ہے جب کہ کیوی وکٹ کیپر بلے باز بی جے واٹلنگ بھی26ویں پوزیشن سے22ویں پوزیشن پر پہنچ گئے ہیں ۔ پاکستان کے لیے ابوظہبی ٹیسٹ میں سنچریاں سکور کرنے والے اظہر علی اور اسد شفیق کو بھی ترقی ملی ہے اور اظہر علی اب 2درجے ترقی کے ساتھ 10پوزیشن پر پہنچ گئے ہیں جبکہ اسد شفیق ایک درجہ ترقی پاکر21ویں پوزیشن پر آگئے ہیں ،بابر اعظم اس وقت 35ویں پوزیشن پر موجود ہیں جبکہ محمد حفیظ نے63ویں پوزیشن پر اپنے ٹیسٹ کیریئر کا اختتام کیا ہے ،ایڈیلیڈ ٹیسٹ میں123اور71رنز سکور کرنے والے بھارت کے چتیشور پجارا نئی رینکنگ میں چوتھی پوزیشن پر آگئے ہیں ،فاسٹ باﺅلر جسپریت بمراہ ایڈیلیڈ ٹیسٹ میں6وکٹیں لیکر38ویں سے33ویں پوزیشن پر پہنچ گئے ہیں ،ایڈیلیڈ ٹیسٹ میں8شکار کرنے والے کینگرو آف سپنر نیتھن لیون نے اپنی14ویں پوزیشن مزید مستحکم کرلی ہے اور اب انکا 13ویں پوزیشن پر موجود کیوی فاسٹ باﺅلر نیل ویگنر سے فاصلہ34پوائنٹس سے کم ہوکر محض 8پوائنٹس کا رہ گیا ہے ،بھارت کے اجنکے رہانے19ویں سے17ویں اور کینگرو فاسٹ باﺅلر مچل سٹارک18ویں سے16ویں پوزیشن پر پہنچ گئے ہیں ، پاکستان کے محمد عباس نیوزی لینڈ کے خلاف تیسرے ٹیسٹ میں شرکت نہ کرپانے کے باعث ایک درجے تنزلی کے ساتھ چوتھی پوزیشن پر چلے گئے ہیں جبکہ شاہین شاہ آفریدی نے111ویں پوزیشن کے ساتھ باﺅلنگ رینکنگ میں اینٹری ماری ہے۔