دُبئی:پاکستانی خاتون کی آبرو ریزی کرنے والے ڈاکوؤں کو سزا ہو گئی

اماراتیوں اور پاکستانیوں پرمشتمل ڈکیت گینگ کے متعدد ملزمان تاحال مفرور ہیں

Muhammad Irfan محمد عرفان منگل 11 دسمبر 2018 13:42

دُبئی:پاکستانی خاتون کی آبرو ریزی کرنے والے ڈاکوؤں کو سزا ہو گئی
دُبئی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔11 دسمبر2018ء) عدالت نے ایک اماراتی اور مفرور پاکستانی نوجوان کو پاکستانی خاتون سے آبرو ریزی اور لُوٹ مار کے جُرم میں چھ سال قید کی سزا سُنا دی۔ یہ واقعہ گزشتہ سال 6 مئی کو المرقبت کے علاقے میں پیش آیا تھا جب پانچ اماراتی اور چار پاکستانیوں پر مشتمل ڈکیت گینگ لُوٹ مار کی غرض سے ایک گھر میں گھُس گیا تھا جہاں پاکستانی خاتون آٹھ دیگر افراد کے ساتھ مشترکہ طور پر قیام پذیر تھی۔

ڈاکوؤں نے چاقو کی نوک پر گھر میں موجود افراد سے لُوٹ مار کے دوران 15,970 درہم کی نقد رقم، دو بچوں کے سونے کے ہار اور نو موبائل فونز ہتھیا لیے تھے۔ ملزمان نے اس واردات کے دوران 34 سالہ پاکستانی خاتون کو جو پیشے کے اعتبار سے اکاؤنٹنٹ ہے، جنسی زیادتی کا نشانہ بھی بنایا۔

(جاری ہے)

خاتون نے عدالت میں بتایا کہ وہ الوحیدہ کے علاقے میں نو کمروں پر مشتمل دو منزلہ مکان میں دیگر افراد کے ساتھ رہائش پذیر تھی۔

دوپہر ڈیڑھ بجے کے قریب آدھ درجن سے زائد ڈاکو گھر میں گھُس آئے جنہوں نے لُوٹ مار کی اور پھر مجھے زیادتی کا نشانہ بنایا۔ تمام ڈاکوؤں نے ہاتھوں میں چاقو تھام رکھے تھے جبکہ تین نے اپنے چہرے چھُپا رکھے تھے۔ ڈاکوؤں نے اُسے باتھ رُوم میں جانے کا کہا، اُس کے انکار پر اُسے زور دار تھپڑ مارا گیا۔ جس کے بعد دو ڈاکوؤں نے اُسے زبردستی باتھ رُوم میں لے جا کر اپنی ہوس مٹا لی۔ ڈاکوؤں نے گھر میں موجود دُوسری خواتین کے ساتھ بھی جنسی چھیڑ چھاڑ کی۔عدالت نے مقدمے میں ملوث دو افراد کو جنسی زیادتی کے الزام میں چھ سال قید کی سزا سُنا دی ہے جبکہ باقی افراد کو ڈکیتی کے جُرم میں ملوث ہونے کے باعث تین ، تین سال قید کی سزا دی ہے۔مقدمے کے بہت سے ملزمان تاحال پولیس کی گرفت میں نہیں آ سکے۔

متعلقہ عنوان :