جامعات اور کالجز کو ایچ ای سی لاء ایڈمشن ٹیسٹ میں شمولیت کے بغیر لاء پروگرامز میں داخلہ لینے والے طلبہ کی معلومات 15 دسمبر تک فراہم کرنے کی ہدایت

منگل 11 دسمبر 2018 21:28

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 دسمبر2018ء) اعلیٰ تعلیمی کمیشن (ایچ ای سی) نے جامعات اور الحاق کردہ کالجوں کو 15دسمبر تک اُن طلباء کی معلومات فراہم کرنے کا کہا ہے جن کو 19اگست کو منعقدہ ایچ ای سی لاء ایڈمشن ٹیسٹ میں شمولیت کے بغیر لاء پروگراموں میں داخلے دیئے گئے ہیں تاکہ ایچ ای سی اُن کے لئے ٹیسٹ کا انعقاد کر سکے۔ وائس چانسلرز اور جامعات کے سربراہان کے نام بھیجے گئے ایک مراسلے میں کہا گیا ہے کہ سپریم کورٹ کی ہدایات کے مطابق صرف اُن طلباء کے داخلے درست ہیں جنہوں نے ایچ ای سی لاء ایڈمیشن ٹیسٹ میں شرکت کر کے پچاس فیصد نمبر حاصل کئے۔

ٹیسٹ کا مقصد یہ ہے کہ داخلہ کے لئے اہل طلباء کی ذہانت اور قابلیت کو جانچا جا سکے ۔ ایچ ای سی نے وائس چانسلرز اور جامعات کے سربراہان کو پہلے بھی مراسلے بھیجے ہیں اور درخواست کی ہے کہ مطلوبہ معلومات فراہم کی جائیں۔

(جاری ہے)

سپریم کورٹ کے حکم کے مطابق وہ طلباء جو لاء پروگراموں میں داخلے کے خواہاں ہیں لاء ٹیسٹ میں ضرور شمولیت کریں۔ طلباء کی سہولت کے لئے ایچ ای سی نی19 اگست کولاء ایڈمشن ٹیسٹ کا انعقاد کیا تاہم کچھ طلباء اس تاریخ کو ٹیسٹ نہ دے سکے۔

اب دوبارہ ایک ٹیسٹ کا انعقاد کیا جائے گا۔ جامعات کو کہا گیا ہے کہ اُن طلباء کی معلومات فراہم کی جائیں جنہیں ایل ایل بی پروگرام میں مطلوبہ ٹیسٹ یا اسکور کے بغیر داخلہ دیا گیا ہے تاکہ اُن کے لئے ٹیسٹ کا انعقاد کیا جائے اور اُن کے داخلوں کا حتمی فیصلہ کیا جاسکے۔

متعلقہ عنوان :