چیرمین پی ٹی اے نے مکران کوسٹل ہائی وے پر بلاتعطل براڈ بینڈ کوریج کے منصوبہ کا افتتاح کردیا

منگل 11 دسمبر 2018 21:40

چیرمین پی ٹی اے نے مکران کوسٹل ہائی وے پر بلاتعطل براڈ بینڈ کوریج کے ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 دسمبر2018ء) پاکستان ٹیلی کمیونکیشن اتھارٹی (پی ٹی ای) کے چیئرمین محمد نوید نے 75 کروڑ 90 لاکھ روپے مالیت کے ' مکران کوسٹل ہائی وی: حب تا جیوانی پر بلاتعطل براڈ بینڈ کوریج ' کے پروجیکٹ کا افتتاح کیاہے۔ اس پروجیکٹ کے معاہدہ پر یوفون کے ساتھ یو ایس ایف کی جانب سے دستخط کئے گئے۔ یونیورسل سروس فنڈ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر رضوان مصطفی میر نے یوفون کے سی ای او راشد خان کے ساتھ معاہدے پر دستخط کئے۔

اس پروجیکٹ پر عمل درآمد کے لئے 18 ماہ کی کنٹریکٹ مدت میں 58نئے BTSٹاورز نصب کئے جائینگے۔ اس پروجیکٹ کو مزید آگے بڑھانے کے سلسلے میں مستقبل میں تمام بڑی موٹر ویز اور ہائی ویز میں بلاتعطل کنکٹویٹی کے ذریعے سہولت فراہم کی جائے گی۔

(جاری ہے)

تقریب میں مہمان خصوصی پی ٹی اے کے چیئرمین محمد نوید نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ مسلسل عزم اور جذبے کے ساتھ پی ٹی اے نے ایک اور سنگ- میل عبور کرلیا ہے۔

پاکستان میں ٹیلی کام کے شعبہ میں یہ تقریب انتہائی شاندار اقدامات میں سے ایک نمایاں قدم ہے اور یہ ترقیاتی کام طویل عرصے تک موثر رہے گا۔ انہوں نے مزید کہاکہ ایسے پروجیکٹس کے ساتھ وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی کے ذریعے یو ایس ایف ملک بھر میں براڈ بینڈ کی رسائی کے مشن کی جانب گامزن رہے گا تاکہ دیہی علاقوں کے عوام بھی براڈ بینڈ سے مستفید ہوسکیں ۔

انہوں نے کہا کہ براڈ بینڈ انفراسٹرکچر کے اضافے کے ساتھ انہیں توقع ہے کہ یو ایس ایف پاکستان کے لوگوں میں ڈیجیٹل لائف اسٹائل اختیار کرنے کے لئے نئی ای سروسز اور ایم سروسز متعارف کرائے گا۔ یو ایس ایف کے سی ای او رضوان مصطفی میر نے اس پروجیکٹ کا تعارف بھی پیش کیا اور حاضرین کو آگاہ کیا کہ پائیدار ترقی کے لئے اگلی جنریشن کے براڈ بینڈ (NG-BSD) کے تحت یہ پہلا پروجیکٹ ہے جس میں جدید ایپس کی روانی سے آپریشنز کیلئے براڈ بینڈ کوریج پر توجہ دی جائے گی۔

مزید یہ کہ پاکستان میں یہ پہلا نیٹ ورک ہوگا جہاں پروجیکٹ حاصل کرنے والے ٹیلی کام آپریٹر کو دیگر موبائل صارفین کیلئے قومی سطح پر رومنگ فعال بنانے کی ضرورت ہوگی تاکہ دوسرے نیٹ ورک استعمال کرنے والے باقی افراد بھی مستفید ہوسکیں۔ اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے یوفون کے پریذیڈنٹ سی ای او راشد خان نے کہا، "یونیورسل سروس فنڈ (یو ایس ایف) کے قیام کا مقصد ملک کے طول و عرض پر پھیلے ہوئے دور دراز علاقوں میں ٹیلی کمیونکیشن خدمات کے ترقیاتی کاموں کو فروغ دینا ہے۔

یوفون میں ہم بھی اسی سوچ کے ساتھ ہر پاکستانی کو بہتر ٹیلی کمیونکیشن خدمات کی فراہمی کے لئے پرعزم ہیں۔ اس پروجیکٹ کی خاص اہمیت ہے اور اس اقدام کے تحت براڈ بینڈ سروسز کے ذریعے اسے بلوچستان میں ایک اہم ہائی وے سے ملایا جائے گا۔" یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ اس پروجیکٹ کے تحت بلاتعطل آواز اور براڈ بینڈ سروسز 694کلومیٹر طویل کوسٹل ہائی وے پر فراہم کی جائیں گی اور پاکستان میں پہلی بار نیشنل رومنگ کو قابل عمل بنایا جائیگا۔ اس موقع پر وزارت آئی ٹی کے سینئر حکام، یوفون، یو ایس ایف اور آئی ٹی و ٹیلی کام کمپنیوں کے نمائندے بھی موجودتھے۔