بھارت،مہاراشٹرا میں تیندوے کے حملے میں بدھ مت راہب ہلاک ہوگیا

جمعرات 13 دسمبر 2018 23:46

مہاراشٹرا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 دسمبر2018ء) بھارتی ریاست مہاراشٹرا کے جنگل میں بدھ مت راہب جنگل میں عبادت کے دوران ایک تیندوے کے حملے میں ہلاک ہوگیا ۔ غیر ملکی میڈیا رپورٹ کے مطابق راہول والکے بودھی نامی راہب بھارت کے مغربی علاقے میں واقع رام دیگی جنگل میں صبح کی عبادت کیلئے درخت کے نیچے بیٹھا ہوا تھا کہ تیندوے نے ان پر اچانک حملہ کردیا ۔

پولیس کے مطابق 35 سالہ بدھ مت راہب تیندوے کے حملے میں جان لیوا زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے ہلاک ہوگیا۔پولیس کے مطابق جیسے ہی تیندوے نے راہب پر حملہ کیا تو ان کے ہمراہ موجود دیگر 2 عقیدت مند مدد کیلئے روانہ ہوگئے تھے اورپولیس نے اطلاع ملنے کے فوری بعد ان کی تلاش شروع کردی تھی ۔علاقے کے سینئر پولیس افسر کرشنا تیواری نے بتایا کہ تلاش کے دوران راہب کی لاش جنگل میں تھوڑا آگے جا کر مل گئی تھی جس کا مطلب تھا کہ جانور نے انہیں اپنے ساتھ لے جانے کی کوشش کی تھی۔

(جاری ہے)

پولیس کے مطابق جنگل میں تیندوے کی جانب سے حالیہ چند ہفتوں میں کیا جانیوالا اس نوعیت کا یہ پانچواں حملہ ہے۔پولیس نے بتایا کہ علاقے میں سالانہ عبادت کانفرنس کیلئے آنیوالے مذہبی افراد نے مقامی عہدیداران کی جانب سے جنگل میں زیادہ دور جانے کی وارننگ نظر انداز کی تھی۔سرکاری اعداد و شمار کے مطابق بھارت میں اس وقت 12 ہزار سے 14 ہزار تیندوے موجود ہیں۔تیندوئوں کے حملے کے نتیجے میں ہلاک ہونیوالے افراد کی تعداد سے متعلق کوئی ڈیٹا بھی موجود نہیں ہے ۔ماہرین کا کہنا ہے کہ ہرسال تیندوئوں کے حملوں میں سینکڑوں افراد کی اموات ہوتی ہیں۔

متعلقہ عنوان :