لاہور ریجن کے لئے سوئی گیس کی رسد بڑھا دی گئی، ترجمان

صارفین کو کمپریسر کے غیر قانونی استعمال سے گریزکی ہدایت

جمعہ 14 دسمبر 2018 20:00

لاہور۔14 دسمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 دسمبر2018ء) سوئی ناردرن گیس پائپ لائنز لمیٹڈ کی جانب سے لاہور ریجن کے لئے گیس کی رسد بڑھا دی گئی ہے اور موسم سرما کے پیش نظر 20ملین کیوبک فٹ اضافی گیس ہر دن کے حساب سے گھریلو صارفین کی ضروریات کو پورا کرنے کے لئے فراہم کی جا رہی ہے۔ ترجمان کے مطابق فی الوقت لاہور ریجن میں گیس کی طلب اور رسد کا توازن قائم ہے۔

لاہور ریجن کے تمام سی۔این۔جی اسٹیشن بشمول وہ اسٹیشن جو لاہور ٹرانسپورٹ کمپنی کی 186 بسوں کو سی۔این۔جی سپلائی کر رہے ہیں ان کو گیس کی بلا تعطل فراہمی جاری ہے۔ تمام صنعتی و تجارتی صارفین بشمول برآمدی ٹیکسٹائل صنعت کو گیس کی مسلسل فراہمی جاری ہے۔ بعض مقامات پر خاص کر نیٹ ورک کے نچلے ترین علاقوں میں کم پریشر کی شکایات موجود ہیں جس کی بڑی وجہ کمپریسر کا استعمال ہے۔

(جاری ہے)

سوئی ناردرن گیس کی جانب سے 350کے قریب صارفین کے گیس کنکشن غیر قانونی طور پر کمپریسر کے استعمال کی باعث معطل کر دیئے گئے ہیں۔ سوئی ناردرن گیس کی جانب سے ہنگامی ، گیس لیکیج کی نشاندہی سمیت سسٹم کی مرمت کرنے و الی 100سے زائد ٹیمیں گیس پریشر کے حوالے سے صارفین کی شکایات حل کرنے کے لئے مسلسل کوشاں ہیں۔ جن علاقوں میں گیس کے کم پریشر کے حوالے سے شکایات موصول ہوئی تھیں وہاں سوئی ناردرن گیس کی ٹیمیں مسلسل گیس پریشر کی جانچ پڑتال میں مصروف عمل ہیں ترجمان کے مطابق واپڈا ٹاون، جوہر ٹاون، علامہ اقبال ٹاون، ہربنس پورہ، فیصل ٹاون سمیت دیگر علاقوں میں گیس کی فراہمی معمول کے مطابق ہے۔

سوئی ناردرن گیس پائپ لائنز لمیٹڈ کی جانب سے صارفین سے اپیل کی جاتی ہے کہ وہ کمپریسر کے غیر قانونی استعمال سے گریز کریں اور گیس کے موثر استعمال اور بچت کے لئے کونیکل بیفل، گیزر ٹائمر ڈیوائس جیسے آلات سمیت سپیس ہیٹنگ جیسی تکنیک استعمال کریں۔ سوئی ناردرن گیس اپنے صارفین کو بہتر سے بہتر سروس فراہم کرنے کے لئے مسلسل مصروف عمل ہے۔