ایبٹ آباد یونیورسٹی بہترین تعلیمی درسگاہ ہے، اس ادارہ میں جب بھی آئے ہم نے مثبت تبدیلی دیکھی ہے، مشتاق غنی

ہفتہ 15 دسمبر 2018 19:20

ایبٹ آباد۔ 15 دسمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 دسمبر2018ء) خیبر پختونخواہ اسمبلی کے سپیکر مشتاق احمد غنی نے کہا ہے کہ ایبٹ آباد یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی ان کا اپنا ادارہ ہے، اس ادارہ میں جب بھی وہ آئے ہیں مثبت تبدیلی دیکھی ہے، اس ادارہ کو پھلتا پھولتا دیکھ کر انہیں جو خوشی ہوتی ہے وہ الفاظ میں بیان نہیں کر سکتے، اداروں کی ترقی کا دارومدار ہمیشہ ٹیم لیڈر کی کارکردگی سے ہوتا ہے، اگر کسی ادارہ کو صحیح ٹیم اور لیڈر مل جائے تو اس ادارہ کی ترقی یقینی ہے، ایبٹ آباد یونیورسٹی کی خوش قسمتی ہے کہ اسے پروفیسر ڈاکٹر افتخار احمد کی صورت میں ایک مخلص اور دیانتدار ٹیم لیڈر ملی ہے جو اس ارادے کے ساتھ یہاں آئے ہیں کہ اس مادر علمی کو وہ ایک بہترین تعلیمی درسگاہ بنانا ہے، بطور طالب علم آپ لوگوں کا کام اس وقت تعلیم حاصل کرنا ہے، الله تعالیٰ نے آپ کو موقع دیا ہے کہ آپ ایک اچھی یونیورسٹی میں تعلیم حاصل کر رہے ہیں، ہم اپنے والدین اور اس قوم کی توقعات پر پورا اتریں۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایبٹ آباد یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی میں پرائم منسٹر لیپ ٹاپ سکیم فیز پانچ کے لیپ ٹاپ تقسیم کرنے کی تقریب سے بطور مہمان خصوصی اپنے خطاب کے دوران کیا۔ تقریب کا اہتمام فنانشل ایڈ اینڈ ڈویلپمنٹ کی طرف سے کیا گیا تھا۔ تقریب کے گیسٹ آف آنر وائس چانسلر ایبٹ آبا دیونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر افتخاراحمد تھے۔

قبل ازیں وائس چانسلر ایبٹ آباد یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر افتخار احمد نے سپیکر صوبائی اسمبلی مشتاق احمد غنی کو یونیورسٹی آمد پر خوش آمدید کہا اور انہیں یونیورسٹی میں جاری تعمیری و تدریسی سرگرمیوں سے آگاہ کیا۔ پروفیسر ڈاکٹر افتخار احمد نے کہا کہ یہ دورہ نالج اکنامکس دور ہے اور اس دور میں یونیورسٹیز کی اہمیت پہلے سے زیادہ بڑھ گئی ہے اور اسی اہمیت اور ذمہ داری کو سمجھتے ہوئے پاکستان میں اعلیٰ تعلیم کی بہتری کیلئے ہنگامی بنیادوں پر کام بھی شروع کروا دیا ہے۔

پروفیسر ڈاکٹر افتخار احمد نے سپیکر صوبائی اسمبلی مشتاق احمد غنی کا یونیورسٹی کی تعمیر و ترقی میں دلچسپی لینے اور حوصلہ افزائی پر ان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے یقین دلایا کہ ان کی سرپرستی اور رہنمائی کی بدولت انشاء الله ہم ایبٹ آباد یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کو نہ صرف پاکستان بلکہ دنیا کا بہترین تعلیمی ادارہ بنانے کیلئے کوششیں جاری رکھیں گے۔

انہوں نے لیپ ٹاپ سکیم کیلئے اہل ہونے والے طلباء و طالبات کو بھی مبارکباد دی۔ اس موقع پر فنانس ایڈ اینڈ ڈویلپمنٹ کے ڈائریکٹر ڈاکٹر یاسر سعید نے اپنی بریفنگ کے دوران بتایا کہ وزیراعظم لیپ ٹاپ سکیم کے فیز پانچ کے تحت ایبٹ آباد یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کے 9 ڈیپارٹمنٹس کے 120 طلباء و طالبات کو لیپ ٹاپ دیئے جا رہے ہیں۔ اس سے قبل فیز ایک سے چار تک ہم نے تقریباً 500 طلباء و طالبات میں لیپ ٹاپ تقسیم کئے ہیں۔ انہوں نے تقریب میں شرکت کرنے پر تمام مہمانوں خصوصاً سپیکر صوبائی اسمبلی مشتاق احمد غنی اور وائس چانسلر ایبٹ آباد یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر افتخار احمد کا شکریہ ادا کیا۔