بھارت بمقابلہ سویڈن‘ یوٹیوب پر نمبر ون ہونے کی جنگ جاری

ان دونوں کے درمیان اپنے چینل کے زیادہ سے زیادہ سبسکرائبرز کی جنگ چل رہی ہے

اتوار 16 دسمبر 2018 11:30

ممبئی /سٹاک ہوم (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 دسمبر2018ء) اگرچہ زندگی کے ہر شعبے میں حریفوں کے درمیان ایک ریس لگی رہتی ہے، جس میں ہر کوئی اپنے دشمن کو پیچھے چھوڑنا چاہتا ہے۔فیشن، فلموں، سوشل میڈیا پرفالوؤرز، تصاویر اور ویڈیو کو پسند اور شیئر کیے جانے سمیت انٹرنیٹ ٹیکنالوجی پر ہر روز ایک نئی جنگ اور ریس لگی رہتی ہے اور ہر آئے دن کچھ نہ کچھ نیا ہوتا رہتا ہے۔

جس طرح دسمبر سے پہلے یوٹیوب پر سب سے بدترین گانا’’بے بی‘‘ جسٹن بیبر کا تھا، تاہم اب اس کی جگہ یوٹیوب کی جانب سے ہی بنایا گیا گانا لے چکا ہے۔اسی طرح اب دنیا کی سب سے بڑی اسی ویڈیو اسٹریمنگ ویب سائیٹ یوٹیوب پر بھارت کی فلم اور میوزک پروڈکشن کمپنی ’ٹی سیریز‘ اور یورپی ملک سویڈن کے چینل ’پیو ڈی پائی‘ کے درمیان جنگ چل رہی ہے۔

(جاری ہے)

ان دونوں کے درمیان اپنے چینل کے زیادہ سے زیادہ سبسکرائبرز کی جنگ چل رہی ہے، جس میں حیران کن طور پر ٹی سیریز جیسی کمپنی کے مقابلے سویڈن کے ایک شخص کا چینل آگے ہے۔

اگرچہ دونوں کے سبسکرائبرز میں محض چند لاکھ کا فرق ہے، تاہم پھر بھی سویڈن کا چینل ’پیو ڈی پائی‘ آگے ہے، جو سویڈش اسٹار 29 سالہ فلیکس آرود نے اپریل 2010 میں بنایا تھا۔دیکھتے ہی دیکھتے اس کے اکاؤنٹ کے سبسکرائبرز کی تعداد 7 کروڑ67 لاکھ سے زائد ہوگئی اور اتنے سبسکرائبرز کے ساتھ ہی وہ 15 دسمبر تک یوٹیوب کا سب سے زیادہ سبسکرائبر چینل تھا۔

اسی طرح بھارت کی فلم اور میوزک پروڈکشن کمپنی ’ٹی سیریز‘ 15 دسمبر تک 7 کروڑ 54 لاکھ سبسکرائبرز کے ساتھ یوٹیوب پر دوسرا بڑا چینل تھا۔لیکن ایک ماہ پہلے تک ٹی سیریز یوٹیوب پر سبسکرائبرز کا دوسرا بڑا چینل نہیں تھا۔لیکن اس سے زیادہ دلچسپ بات یہ ہے کہ اگرچہ سبسکرائبرز کے حوالے سے ’پیو ڈی پائی‘ سب سے بڑا چینل ہے، تاہم ویڈیوز دیکھے جانے کے حوالے سے ’ٹی سیریز‘ بڑا چینل ہے۔پیو ڈی پائی کی ویڈیوز کو اب تک 20 ارب کے قریب بار دیکھا جا چکا ہے، جب کہ ٹی سیریز کی تمام ویڈیوز کو مجموعی طور پر 55 ارب سے زائد بار دیکھا جا چکا ہے۔