ریاض: الدرعیہ میں فارمولا ای ریس اختتام پذیر ہو گئی

پہلی پوزیشن پرتگال کے انتونیو فلیکس ڈی کوسٹا کے نام رہی

Muhammad Irfan محمد عرفان پیر 17 دسمبر 2018 11:30

ریاض: الدرعیہ میں فارمولا ای ریس اختتام پذیر ہو گئی
ریاض (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔17دسمبر2018ء ) الدرعیہ میں منعقد ہونے والی پہلی فارمولا ای ریس ہفتے کے روز اختتام پذیر ہو گئی۔ مشرق وسطیٰ کی تاریخ میں پہلی بار اس نوعیت کا مقابلہ منعقد کروایا گیا جس کا اعزاز سعودی مملکت کے حصّے میں آیا۔ جمعرات کے روز شروع ہونے والی یہ ریس تین دن تک جاری رہی۔ یورپی مُلک پرتگال کے انتونیو فلیکس ڈی کوسٹا نے میدان مارتے ہوئے پہلی پوزیشن حاصل کی۔

فرانس کے جان ایرک دُوسری پوزیشن کے حقدار ٹھہرے جبکہ تیسری پوزیشن بلجیئم کے جیروم کے حصّے میں آئی۔ اس فارمولا ای ریس کو دُنیا بھر میں بہت زیادہ مقبولیت حاصل ہوئی۔ دُنیا بھر کے سینکڑوں چینلز نے اس ریس کی براہِ راست کوریج کی جس کے باعث 8 کروڑ افراد نے گھر بیٹھے یہ ریس دیکھی۔ اس ریس کو دیکھنے کے لیے خادمِ حرمین شریفین سعودی ولی عہد محمد بن سلمان بھی خاص طور پر تشریف لائے۔

(جاری ہے)

ریس کے اختتامی مرحلے میں ولی عہد کے ساتھ اُن کے سینکڑوں پرستاروں نے سیلفیاں بھی بنوائیں۔ اس موقع پر ایک ایئر شو کا اہتمام بھی کیا گیا۔ اس ریس سے محظوظ ہونے کے لیے آنے والے مغربی سیاحوں کا کہنا تھا کہ اس سے قبل اُن کے ذہنوں میں سعودی عرب کا بہت منفی اور قدامت پرستانہ عکس تھا، جو یہاں آ کر زائل ہو گیا ہے۔ ایک امریکی شہری جیسن کا کہنا تھا کہ اُس نے یہاں خوب سیر و سیاحت کی۔

اشیقر کے تاریخی مقامات کی یاترا کی۔ سعودی صحراؤں میں فور وہیل پر اپنی بیوی کے ساتھ خوب ڈرائیونگ کی۔ اور ایک اور امریکی سیاح کا کہنا تھا کہ اس ریس کی بدولت اُس کی سوچ بدل گئی ہے۔ ہم دوسرے لوگوں کو بھی واپس جا کر بتائیں گے کہ وہ سیاحت کی غرض سے ضرور سعودی عرب آئیں۔ اس کے بارے میں کیے جانے والے منفی پراپیگنڈے میں کوئی حقیقت نہیں ہے۔