ابو ظہبی:آٹو ورکشاپ سے 60کلو گرام ہیروئن برآمد

منشیات ایک پُرانی گاڑی کے دروازوں میں چھُپائی گئی تھی

Muhammad Irfan محمد عرفان منگل 18 دسمبر 2018 12:22

ابو ظہبی:آٹو ورکشاپ سے 60کلو گرام ہیروئن برآمد
ابو ظہبی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔18دسمبر2018ء ) ابو ظہبی پولیس کی جانب سے کارروائی کرتے ہوئے ایک ورکشاپ سے ہیروئن کی بڑی مقدار برآمد کر لی گئی۔ پولیس کے مطابق یہ پکڑی جانے والی یہ ہیروئن 60 کلو گرام کے قریب ہے۔ منشیات کی اس بڑی مقدار کے لیے کی گئی کارروائی کو ’ڈیتھ سٹارم‘ کا نام دیا گیا۔ انڈسٹریل ایریا میں واقع اس ورکشاپ سے تین افراد کو بھی زیر حراست لیا گیا ہے۔

منشیات کا یہ ذخیرہ ایک استعمال شُدہ کار کے دروازوں میں چھُپایا گیا تھا۔ گرفتار کیے گئے ایشیائی باشندوں میں سے ایک اس ورکشاپ کا مالک ہے، جبکہ دُوسرا شخص اُس کا پارٹنر اور تیسرا گرفتار کیا گیا شخص وِزٹ ویزے پر دُبئی آیا ہے۔ پولیس کی جانب سے اس واقعے کے بارے میں آفیشل انسٹاگرام اکاؤنٹ پر اطلاع دی گئی ہے۔

(جاری ہے)

ڈرگ کنٹرول ڈائریکٹوریٹ کے ڈائریکٹر کرنل طاہر غریب الظہیری نے بتایا کہ ہیروئن کا اتنی بڑی مقدار میں پکڑنا جانا سیکیورٹی اداروں کی اہم کامیابی ہے۔

پولیس کو کسی نے مخبری کی تھی کہ انڈسٹریل ایریا میں ایک ورکشاپ کی آڑ میں منشیات کا دھندا چلایا جا رہا ہے۔ جس پر پولیس نے ملزمان کی حرکات پر نظر رکھنا شروع کر دی۔ کرنل الظہیری کے مطابق تینوں ملزمان نے گرفتاری کے بعد منشیات فروشی میں ملوث ہونے کا اعتراف کر لیا ہے جس کے بعد اُن کا مقدمہ عدالتی کارروائی کی خاطر استغاثہ کے حوالے کر دیا جائے گا۔