عاصمہ جہانگیر کو بعد از مرگ عالمی ادارے کا ایوارڈ دینے کے موقع پر زبردست خراج عقیدت پیش کیاگیا

بدھ 19 دسمبر 2018 02:30

نیویارک ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 دسمبر2018ء) پاکستان میں انسانی حقوق کی سرکردہ رہنما مرحومہ عاصمہ جہانگیر کو بعد از مرگ عالمی ادارے کا ایوارڈ دینے کے موقع پر زبردست خراج عقیدت پیش کیا گیا جبکہ یو این او کا انسانی حقوق بارے اعلیٰ ترین ایوارڈ عاصمہ جہانگیر کی بیٹی منیزے جہانگیر نے وصول کیا۔ ایوارڈ دیئے جانے کی یہ پروقار تقریب اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے ہال میں منعقد ہوئی۔

بعداز مرگ ایوارڈ جنرل اسمبلی کی صدر ماریہ فرماندا ایس پی کوسا سے یہ ایوارڈ عاصمہ جہانگیر کی بیٹی منیزے جہانگیر نے وصول کیا۔ اس موقع پر سفارتکار، انسانی حقوق کے سرگرم رہنما اور اقوام متحدہ کے اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔ ایوارڈ وصول کرنے کے بعد منیزے جہانگیر نے اے پی پی سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ میں اپنی والدہ کیلئے باوقار ترین ایوارڈ پر نیک تمنائوں کا اظہار کرتی ہوں جو آج بھی ہمارے دلوں میں زندہ ہیں۔

(جاری ہے)

تقریب کے دوران اقوام متحدہ کے جنرل سیکرٹری انتونیوگوٹیرس اور انسانی حقوق کے کمشنر مچیل بچیلیٹ بھی موجود تھے جنہوں نے تمام شرکاء سمیت عاصمہ جہانگیر کے پاکستان میں انسانی حقوق اور قانون کی حکمرانی کے فروغ میں کردار کو سراہا اور کہا کہ ان کا خلاء کبھی بھی پر نہیں ہو سکتا۔ واضح رہے کہ عاصمہ جہانگیر یہ ایوارڈ جیتنے والے 4 افراد میں سے ایک تھیں جن کا اعلان اقوام متحدہ کی طرف سے اکتوبر میں کیا گیا تھا۔ عاصمہ جہانگیر اس سال فروری میں انتقال کر گئی تھیں۔