قراردادوں کو کثرت رائے سے منظور کرنے پر اراکین کونسل مبارکباد کے مستحق ہیں، اظہار الدین احمد

بدھ 19 دسمبر 2018 23:26

کراچی۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 دسمبر2018ء) چیئرمین بلدیہ غربی اظہارالدین احمد خان نے کہا ہے کہ عوام کے مسائل کے حل اور بلاتفریق بلدیاتی سہولیات کی فراہمی کے لئے جامع اور مربوط حکمت عملی سے کام کررہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے میونسپل کمشنر عمران اسلم کے ہمراہ بلدیہ غربی کونسل کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں قراردادوں کو بحث و مباحثہ کے بعد کثرت رائے سے منظوری کی گئی۔

جن قراردادوں کی منظوری دی گئی ہے ان میں ٹیکس ریکوری میں اضافہ کیلئے کارکردگی مزید بہتر بنانے، بلدیہ غربی کی حدود میں موجود شادی ہالوں اور بینکویٹ پر ٹیکس میں اضافہ، بلدیہ غربی کی ڈسپنسریوں اور زچہ خانوں کی مرمت اور دواؤں کی مد میں دو کروڑ روپے کی منظوری، بلدیہ غربی میں موجود پارکوں کی مرمت، سیکٹر A3 بلدیہ زون فیملی پارک کیلئے اوپن ٹینڈر، فیملی پارک نذد اورنگی تھانہ این جی او کے حوالے کرنے، K الیکٹرک کے پولز اور دیگر تنصیبات پر ٹیکس ریکوری، سرکاری ملازمین اور منتخب نمائندوں کیلئے میڈیکل انشورنس پالیسی شامل ہیں۔

(جاری ہے)

آخر میں چیئرمین نے اجلاس میں شریک تمام اراکین کونسل کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اراکین کونسل نے جس مثبت انداز میں بلدیہ غربی کی تعمیر و ترقی کیلئے پیش کی جانے والی قراردادوں کو کثرت رائے سے منظور کیا اس پر کونسل مبارکباد کی مستحق ہے۔