مریضوں کو ادویات نہ ملیں توہسپتالوں کے سربراہوں کے خلاف کاروائی ہوگی ،کمشنر ملتان

ہفتہ 22 دسمبر 2018 16:18

ملتان ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 دسمبر2018ء) کمشنر ملتان عمران سکندر بلوچ نے تمام سرکاری ہسپتالوں میں ادویات خریداری اور فراہمی کی سخت مانیٹرنگ کا حکم دیاہے ،انہوںنے ہسپتالوں کے سربراہوںکو تمام دستیاب ادویات کا سٹاک ریکارڈ اور کھپت کی رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی ۔ یہ ہدایت انہوںنے صحت کے حوالے سے منعقدہ ڈویژنل اجلاس میں کی۔

انہوںنے ہدایت کی کہ تمام ڈپٹی کمشنرز خصوصی ٹیم تشکیل دے کر تمام ہسپتالوں میں ادویات فراہمی کے نظام کو چیک کریں۔

(جاری ہے)

کمشنر نے کہاکہ نشتر ہسپتال سمیت تمام مراکز صحت ایڈوانس ادویات کا سٹاک تیار رکھیں،مریضوں کو ادویات نہ ملنے کی شکایت پر ہسپتال کے سربراہ کے خلاف کاروائی ہوگی۔ انہوںنے کہاکہ ادویات کے زیادہ ہونے پر دیگر ہسپتالوں کو بھی سپلائی دینے کا نظام وضع کیا جائے۔

انھوں نے وارننگ دی کہ ادویات اور ویکسی نیشن غریب مریضوں کی امانت ہیں خیانت کرنے والا احتساب کے لیے تیار رہے۔اجلاس میں ڈپٹی کمشنرز،ایم ایس اور ڈویژنل افسران نے شرکت کی۔کمشنر نے کہا کہ نشتر ہسپتال پر دباؤ کم کرنے کے لیے شہر کے مختلف زونز میں فلٹرکلینک قائم کیے جائیں۔اس موقع پرڈپٹی کمشنر وںنے بتایاکہ ڈویژن کے تمام ہسپتالوں اور مراکز صحت پر ادویات کا مکمل سٹاک موجود ہے۔

متعلقہ عنوان :