بڑے بڑے دعوے کرنیوالے موقع ملنے کے باوجود کارکردگی دکھانے کیلئے تیار نہیں ‘ دوست کھوسہ

مہنگائی کیوجہ سے عوام بے حال ہیں اور ان کا کوئی پرسان حال نہیں،عوام کے حقوق کیلئے آواز اٹھاتے رہیں گے

اتوار 6 جنوری 2019 19:00

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 جنوری2019ء) سابق وزیر اعلیٰ و پیپلز پارٹی کے رہنما سردار دوست محمد کھوسہ نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی کی قیادت نے پہلے بھی بے بنیاد مقدمات کا سامنا کیا اور سر خرو ہوئی اور اب بھی عدالتوں کا سامنا کرنے کیلئے تیار ہے ، یہ پہلی حکومت ہے جسے کارکردگی دکھانے کیلئے بھرپور موقع دیا جارہا ہے لیکن بڑے بڑے دعوے کرنے والے کچھ کرنے کیلئے تیار نہیں ۔

(جاری ہے)

ایک انٹر ویو میں انہوںنے کہا کہ جنوبی پنجاب کو الگ صوبہ بنانے کے نعرے تو لگائے گئے لیکن اب وقت آیا ہے تو کوئی پیشرفت نہیں کی جارہی ۔ پیپلز پارٹی تو کہہ چکی ہے کہ جنوبی پنجاب کو صوبہ بنائیں اوراسی تناظر میں پارٹی کو تنظیمی طور پر دو حصوںمیں تقسیم کیا گیا ۔ دوست محمد کھوسہ نے کہا کہ مہنگائی کی وجہ سے عوام بے حال ہیں اور ان کا کوئی پرسان حال نہیں۔ ہمیشہ عوام کے حقوق کی بات کی ہے اور آئندہ بھی اس کے لئے آواز اٹھاتے رہیں گے۔