شاہد آفریدی 4000 ٹونٹی ٹونٹی رنز اور300وکٹیں مکمل کرنے والے تیسرے کھلاڑی بن گئے

شکیب الحسن اور ڈوین براوو بھی یہ کارنامہ سر انجام دے چکے ہیں

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب پیر 7 جنوری 2019 12:34

شاہد آفریدی 4000 ٹونٹی ٹونٹی رنز اور300وکٹیں مکمل کرنے والے تیسرے کھلاڑی ..
ڈھا کہ (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔7جنوری2019ء) قومی ٹیم کے سابق کپتان اور مایہ ناز آل راﺅنڈر شاہد خان آفریدی ٹونٹی ٹونٹی کرکٹ میں 4000رنز اور300وکٹیں لینے والے دنیا کے تیسرے کھلاڑی بن گئے ہیں ۔ 38سالہ شاہد آفریدی نے بنگلہ دیش پریمیئر لیگ میں کومیلا وکٹورینز کی نمائندگی کرتے ہوئے سلہٹ سکسرز کے خلاف یہ سنگ میل عبور کیا ۔ شاہد آفرید ی اب تک 283ٹونٹی ٹونٹی میچز میں 18.78کی اوسط سے4021رنز سکور کرچکے ہیں جن میں ایک سنچری اور9نصف سنچریاں شامل ہیں ، مایہ ناز آل راﺅنڈراب تک 22.14کی اوسط سے308وکٹیں بھی اپنے نام کرچکے ہیں ۔

شاہد آفریدی سے قبل ویسٹ انڈیز کے ڈوین براوو اور بنگلہ دیش کے شکیب الحسن بھی یہ کارنامہ سر انجام دے چکے ہیں ۔ یاد رہے کہ بی پی ایل میں اتوار کو کھیلے گئے پہلے میچ میں 128 رنز ہدف کے تعاقب میں جانے والی کومیلا وکٹورینز کو پہلے تمیم اقبال نے 35 رنز سے کچھ تقویت ملی اور پھر آخر میں شاہد آفریدی نے 25 گیندوں پر 2 چھکوں اور 5 چوکوں کی مدد سے ناقابل شکست 39 رنز بناکر کامیابی سے ہمکنار کردیا، انھوں نے سیکنڈ لاسٹ بال پر الوک کپالی کو باﺅنڈری کی سیر کروا کر اپنی ٹیم کو جشن منانے کا موقع فراہم کیا، سابق آسٹریلوی کپتان سٹیو سمتھ نے 16 اور شعیب ملک نے 13 رنز بنائے، محمد عرفان نے ایک کھلاڑی کو آﺅٹ کیا۔

(جاری ہے)

اس سے قبل بال ٹیمپرنگ میں پابندی کے شکار دوسرے آسٹریلوی بیٹسمین ڈیوڈ وارنر کی قیادت میں سلہٹ سکسرز نے 8 وکٹ پر 127 رنز بنائے، نکولس پوران 41 رنز کے ساتھ نمایاں رہے، خود ڈیوڈ وارنر نے 14 رنز بنائے، مہدی حسن، محمد شاہد اور محمد سیف الدین نے دودو جب کہ شاہد آفریدی نے ایک کھلاڑی کو آﺅٹ کیا۔