پاکستان سکوائش فیڈریشن نے خیبرپختونخوا ایسوسی ایشن کو 12 قومی ایونٹس کی میزبانی دیدی

بدھ 9 جنوری 2019 13:35

پاکستان سکوائش فیڈریشن نے خیبرپختونخوا ایسوسی ایشن کو 12 قومی ایونٹس ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 جنوری2019ء) پاکستان سکوائش فیڈریشن نے خیبرپختونخوا ایسوسی ایشن کو 12 قومی ایونٹس کی میزبانی دیدی، سالانہ کیلینڈر کے مطابق یہ ایونٹس جنوری سے دسمبر 2019ء تک پشاور میں کھیلے جائیں گے۔ پاکستان سکوائش فیڈریشن کے نائب صدر اور خیبر پختونخوا سکوائش ایسوسی ایشن کے صدر قمر زمان نے بدھ کو ’’اے پی پی‘‘ کو بتایا کہ گزشتہ تین سال سے مسلسل زیادہ سے زیادہ ایونٹس کے انعقاد پر فیڈریشن نے انہیں حسن کارکردگی ایوارڈ سے نوازا ہے۔

فیڈریشن نے زیادہ سے زیادہ ایونٹس کے انعقاد دینے پر رواں سال خیبرپختونخوا سکوائش ایسوسی ایشن کو 12 قومی ایونٹس کی میزبانی دی ہے۔ یہ ایونٹس جنوری سے دسمبر 2019ء تک کھیلیں جائیں گے۔ فیڈریشن نے خیبرپختونخوا ایسوسی ایشن کو 2019ء میں جن قومی ایونٹس کی میزبانی دی ہے ان میں نیشنل جونیئر سکوائش چیمپئن شپ 21 سے 25 جنوری، قومی جونیئر سکوائش چیمپئن شپ 19 سے 23 فروری، قومی سینئر ویمن سکوائش چیمپئن شپ 18 سے 22 مارچ، قومی جونیئر سکوائش چیمپئن شپ 18 سے 22 اپریل، تربیتی کیمپ اور رمضان کپ برائے بوائز اینڈ گرلز یکم سے 30 مئی، نیشنل سینئر سکوائش چیمپئن شپ 17 سے 22 جون، نیشنل جونیئر سکوائش چیمپئن شپ برائے بوائز اینڈ گرلز 22 سے 27 جولائی، قومی مینز سینئر ٹیم سکوائش چیمپئن شپ 19 سے 24 اگست، نیشنل جونیئر سکوائش چیمپئن شپ برائے بوائز اینڈ گرلز 18 سے 23 ستمبر، قومی جونیئر گرلز سکوائش چیمپئن شپ 7 سے 12 اکتوبر، قومی جونیئر سکوائش چیمپئن شپ 18 سے 23 نومبر جبکہ قومی جونیئر سکوائش چیمپئن شپ 9 سے 14 دسمبر تک خیبرپختونخوا میں کھیلے جائیں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ قومی ایونٹس کے ساتھ ساتھ ایسوسی ایشن 12 مقامی ایونٹس کا انعقاد بھی کرے گی۔ قمر زمان نے ’’اے پی پی‘‘ کو بتایا کہ ملک میں نئے ٹیلنٹ کو سامنے لانے کیلئے ملک بھر میں اکیڈمیاں قائم کر رکھی ہیں امید ہے ان کے رزلٹ آئندہ سال سے آنا شروع ہو جائیں گے اور ان اکیڈمیوں سے ایسے کھلاڑی سامنے آئیں گے جو بین الاقوامی سطح پر پاکستان کا نام روشن کریں گے ۔

انہوں نے کہا کہ سکوائش کی بہتری کیلئے ایئر فورس بھی بھرپور اقدامات کررہی ہے۔ قمر زمان نے کہا کہ رواں سال 10 ہزار ڈالر اور 20 ہزار ڈالر کے دو بین الاقوامی ایونٹس بھی پشاور میں کھیلیں جائیں گے۔ واضح رہے قمر زمان تین مرتبہ عالمی نمبر ون اور 11 مرتبہ ورلڈ نمبر 2 رہے ہیں اور 100 سے زیادہ عالمی سکوائش مقابلوں میں پاکستان کیلئے کامیابی حاصل کی ہے۔