وزیر اعلیٰ بلوچستان کی کرسی خطرے میں پڑ گئی

عوامی پارٹی کے بانی صدرسعید ہاشمی اور سرپرست ملک خدا بخش نے وزیر اعلیٰ کے خلاف محاذ کھڑا کر دیا

Syed Fakhir Abbas سید فاخر عباس بدھ 9 جنوری 2019 23:20

وزیر اعلیٰ بلوچستان کی کرسی خطرے میں پڑ گئی
کوئٹہ(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 09 جنوری 2019ء) :عوامی پارٹی کے بانی صدرسعید ہاشمی اور سرپرست ملک خدا بخش نے وزیر اعلیٰ بلوچستان جام کمال کے خلاف محاذ کھڑا کر دیا۔وزیر اعلیٰ کو ہٹانے کے لیے مختلف دھڑوں سے رابطے شروع کر دئیے۔تفصیلات کے مطابق بلوچستان عوامی پارٹی کے بانی صدرسعید ہاشمی اور سرپرست ملک خدا بخش نے وزیر اعلیٰ جام کمال کے لیے طبل جنگ بجا دیا۔

دونوں رہنماوں نے مرکزی صدر اور وزیرا علٰی جام کمال کے خلاف علم بغاوت بلند کردیا ہے۔وزیر اعلیٰ جام کمال کو مرکزی صدر کے عہدہ، وزارت ا علٰی سے ہٹانے کے لئے کوششیں شروع کر دی گئی ہیں ۔دونوں سیاسی رہنماوں کی جانب سے وزیرا علٰی بلوچستان جام کمال کے مخالف دھڑوں قدوس بزنجو ، جان جمالی، اختر مینگل، یار محمد رند اور دیگر سے رابطے شروع کر دئیے گئے ہیں۔

(جاری ہے)

۔اس موقع پر جے یو آئی ، عوامی نیشنل پارٹی جو وزیرا علٰی کو ہٹانے کیلئے پہلے ہی سے متحرک ہے کی جانب سے حمایت ملنے کا امکان ہے۔صوبے میں موجودہ صورتحال ایسی بن چکی ہے کہ دونوں رہنما ،وزیراعلیٰ جام کمال سے سخت ناراض ہیں اور انکی کارکردگی سے خوش نہیں۔وزیر اعلیٰ کو ان کے عہدے سے فارغ کرنے کے لیے انہوں نے قدوس بزنجو، جان جمالی، صالح بھوتانی، طارق مگسی، وینش کمار، یار محمد رند کے برادر نسبتی عامر رند اور دیگر سے رابطہ کرلیا ہے۔

امید ظاہر کی جارہی ہے کہ اگر دونوں دھڑے بندی بنانے میں کامیاب ہو گئے تو وزیر اعلیٰ کی حکومت کا تختہ الٹ سکتا اور دھڑے بندی کی صورت میں جام کمال کے خلاف تحریک عدم اعتماد کامیاب ہوسکتی ہے