چیئر مین نیب جسٹس(ر) جاوید اقبال کا نیب لاہور آفس کا دورہ، فیروز پورسٹی کیس کے متاثرین میں59کروڑ روپے مالیت کے چیک تقسیم

جمعرات 10 جنوری 2019 23:01

چیئر مین نیب جسٹس(ر) جاوید اقبال کا نیب لاہور آفس کا دورہ، فیروز پورسٹی ..
لاہور۔10 جنوری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 جنوری2019ء) قومی احتساب بیورو کے چیئر مین جسٹس (ر)جاوید اقبال نے نیب لاہور کا دورہ کیا ، ڈی جی نیب لاہور شہزاد سلیم نے چیئر مین نیب کو میگا کرپشن کے مقدمات کے بارے میں بریفنگ دی، چیئر مین نیب نے کہا کہ میگا کرپشن کے مقدمات نیب کی اولین ترجیح ہے جس کے لئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں ، انہوں نے کہا کہ نیب ملک سے بدعنوانی کے خاتمے، بدعنوان افراد ، مفرور اور اشتہاری ملزمان کے مقدمات قانون کے مطابق منطقی انجام تک پہنچانے پر یقین رکھتا ہے جبکہ نیب کسی سے انتقام پر یقین نہیں رکھتا مگر نیب افسران کو سختی سے ہدایت کی گئی ہے کہ وہ نیب میں آنے والے ہر شخص کی عزت ِ نفس کا خیال رکھیں،نیب لاہور نی فیروز پور سٹی کیس میں 2ارب22کروڑ روپے کی تاریخ کی سب سے بڑی پلی بارگین کی ہے اور آج 59 کروڑ روپے کی پہلی قسط 2100 متاثرین کو واپس کر رہے ہیں، نیب نے عوام سے کہا ہے کہ وہ جعلی اور غیر رجسٹرڈ ہائوسنگ سوسائٹیوں میں اپنی سرمایہ کاری سے گریز کریں اور متعلقہ سرکاری اداروں سے منظور شدہ ہائوسنگ کوآپریٹیو سوسائٹیوں میں سرمایہ کاری کریں چیئر مین نیب نے کہا کہ ایل ڈی اے کی فرائض میں غفلت کی وجہ سے لاہور میں غیر قانونی اور جعلی ہائوسنگ سوسائٹیاں پروان چڑھتی ہیں جو لوگوں کے اربوں روپے لوٹ کر بھاگ جاتی ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ نیب ایک قومی ادارہ ہے جو بدعنوان عناصر سے عوام کی لوٹی گئی رقم نا صرف قانون کے مطابق برآمد کرتا ہے بلکہ پوری کی پوری رقم متعلقہ متاثرین کو واپس کر تا ہے جس میں سے نیب کے افسران کو کوئی حصہ نہیں ملتا نیب افسران اس کو اپنی قومی ذمہ داری سمجھتے ہوئے اپنے فرائض سرانجام دیتے ہیں۔ نیب کا اپنا احتساب تو ملزم کی گرفتاری کے فوراً بعد شروع ہو جاتا ہے اور تمام ملزمان کا ریمانڈ احتساب عدالتیں تمام شواہد کو پرکھنے کے بعد دیتی ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ نیب کسی سے ذاتی عناد نہیں رکھتا ہماری وفاداریاں پاکستان اور پاکستانی عوام کے ساتھ ہیں۔ ہمارے لئے پاکستان کے تمام سیاستدان قابل احترام ہیںکبھی حزبِ اقتدار کو حزبِ اختلاف پر فوقیت نہیں دی۔انہوں نے مزید کہا کہ نیب کو منشا بم سے تشبیہ دینا درست نہیں نیب ہائیڈروجن بم یا نائیٹروجن بم تو ہو سکتا ہے جو بدعنوانی کے خاتمے کیلئے آیا ہے چیئر مین نیب نے ڈی جی نیب لاہور شہزاد سلیم کے زیر نگرانی نیب لاہور کی کارکردگی کو سراہا۔ آخر میں چیئر مین نیب کیجانب سے فیروز پور سٹی کیس کے متاثرین میں 59کروڑ مالیت کے چیک تقسیم کئے گئے جبکہ متاثرین کی جانب سے اپنے نقصانات کے ازالے پر چیئرمین و ڈی جی نیب لاہور کا شکریہ ادا کیا گیا۔