منشیات کی روک تھام کیلئے نجی سکولز آن بورڈ ہیں،

طالبعلموں کو نشے سے محفوظ رکھنے کیلئے ان کی ضروری رہنمائی کی ضرورت ہے‘مراد راس سکولوں کو نشے سے پاک رکھنے میںسکول کونسلز کا کردار اہم ہے،سٹوڈنٹس کو کھیلوں سمیت دیگر صحت مند سرگرمیوں میں مصروف رکھا جائے ‘صوبائی وزیر سکولز ایجوکیشن

جمعہ 11 جنوری 2019 19:35

منشیات کی روک تھام کیلئے نجی سکولز آن بورڈ ہیں،
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 جنوری2019ء) صوبائی وزیر سکولز ایجوکیشن مراد راس کی زیر صدارت تعلیمی اداروں میں نشہ آور اشیاء کی روک تھام کیلئے جامع ایکشن پلان ترتیب دینے کیلئے ایک اہم اجلاس سول سیکرٹریٹ میںمنعقدہوا۔اس موقع پر تعلیمی اداروں میں نشہ آور اشیاء کی روک تھام کیلئے صوبائی وزیر مراد راس کی سربراہی میں سٹیرنگ کمیٹی کا قیام عمل میں لانے پر اتفاق کیا گیا۔

اس کمیٹی میں ایڈیشنل چیف سیکرٹری، سیکرٹری سکولز ایجوکیشن اورسیکرٹری ہائر ایجوکیشن سمیت انٹی نار کوٹکس فورس اورپولیس سمیت متعلقہ محکموں کے افسران شامل ہوں گے۔سٹیرنگ کمیٹی نوجوانوں میں نشے کی لعنت کی روک تھام کیلئے حکمت عملی وضع کرئے گی۔اجلاس میں تعلیمی اداروں میں نشہ آور اشیاء کے موثر تدارک کے حوالے سے مختلف تجاویز پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر سکولز ایجوکیشن اور ہائر ایجوکیشن کے محکموں نے انٹی نار کوٹکس فورس کی معاونت سے کوڈ آف کنڈکٹ ترتیب دینے پر اتفاق کیا ۔اجلاس نے تعلیمی اداروں میں نشہ آور اشیاء کی روک تھام کے حوالے سے آگاہی مہم تیز کرنے کا فیصلہ بھی کیا۔اس موقع پر آگاہی مہم کیلئے پرنٹ، الیکٹرانک اور سوشل میڈیا پر پبلک میسجز کے ساتھ ساتھ بینرز، پمفلٹس اورواکس،سیمنارز،ورکشاپس کے انعقادسمیت ابلاغ کے مختلف طریقے اپنانے پربھی اتفاق ہوا۔

اجلاس میں تعلیمی اداروں کی رینڈم چیکنگ اور سٹوڈنٹس کے میڈیکل چیک اپ پر تفصیلی غور وخوض کیا گیا اورپرائیویٹ ہوسٹلز کی مانیٹرنگ کی ضرورت پر زور دیا گیا۔اجلاس میں بڑے ہسپتالوں میں نشہ سے چھٹکارے کیلئے بیڈز مخصوص کرنے کابھی فیصلہ کیا گیا۔اس موقع پر ڈرگ اتھارٹی کے ذریعے میڈیکل سٹورز سے بنا نسخے کے ادویات اور انجکشنز کی فروخت کی روک تھام پر تفصیلی غور و خوض کیاگیا۔

صوبائی وزیرسکولز ایجوکیشن مراد راس نے نشے کی لعنت سے چھٹکارے کیلئے ہیلپ لائن کو موثر اور مزید فعال کرنے کی ہدایت کی۔انہوں نے کہا کہ منشیات کی روک تھام کیلئے نجی سکولز آن بورڈ ہیں۔ مراد راس نے کہا کہ طالبعلموں کو نشے سے محفوظ رکھنے کیلئے ان کی ضروری رہنمائی کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ سکولوں کو نشے سے پاک رکھنے میںسکول کونسلز کا کردار اہم ہے۔

مرا د راس نے کہا کہ سٹوڈنٹس کو کھیلوں سمیت دیگر صحت مند سرگرمیوں میں مصروف رکھا جائے ۔اس طرح نشہ آور اشیاء کے تدارک میں مدد ملے گی۔انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ نشہ فراہم کرنے والے عناصرسے سختی سے نمٹا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ تعلیمی اداروں کے گرد پان شاپس اور سگریٹ کے کھوکھوں کے خلاف کریک ڈاؤن کیا جائے گا۔انہوں نے مزید کہا کہ ایک صحت مند معاشرے کا قیام پاکستان تحریکِ انصاف کا اولین ایجنڈا ہے۔

اجلاس میں ایڈیشنل چیف سیکرٹری کیپٹن(ر) اعجاز احمد ، کمانڈر انٹی نارکوٹکس فورس پنجاب بریگیڈئیر خالد محمود گورایہ، سیکرٹری سکولز ایجوکیشن ظفر اقبال، سپیشل سیکرٹری سکولز غلام فرید ، سیکرٹری ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن، سپیشل برانچ، پولیس، محکمہ قانون اور صحت سمیت متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔