اب 14 فروری کو ویلنٹائنز ڈے نہیں بلکہ ' سسٹر ڈے' منایا جائے گا

فیصل آباد زرعی یونیورسٹی نے 14 فروری کو "سسٹر ڈے" منانے کا فیصلہ کر لیا۔ خواتین طالبات میں سکارف،شال اور گاؤن بھی تقسیم کیے جائیں گے

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان ہفتہ 12 جنوری 2019 13:31

اب 14 فروری کو ویلنٹائنز ڈے نہیں بلکہ ' سسٹر ڈے' منایا جائے گا
فیصل آباد (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔12 جنوری 2018ء) فیصل آباد  رزعی یونیورسٹی نے 14 فروری کو "سسٹر ڈے" منانے کا فیصلہ کر لیا۔میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ فیصل آباد کی زرعی یونیورسٹی نے 14فروری (ویلنٹائائنز ڈے) کو سسٹر ڈے کے طور پر منانے کا فیصلہ کر لیا ہے۔اس فیصلے کا مقصد نوجوانوں کے درمیان مشرقی ثقافت اور اسلامی روایات کو فروغ دینا ہے۔

یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر ظفر اقبال رندھوا نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ ہم اپنی ثقافت، معیارات اور اسلامی اقدار کو فروغ دے رہے ہیں۔سسٹر ڈے کے موقع پر ہم ایک منصوبہ تیار کر ہے ہیں جس کے تحت ہم یونیورسٹی کے ساتھ مل کر خواتین طلباء میں سکارف، شال اور گاؤن تقسیم کریں گے۔انہوں نے مزید کہا کہ ہمارے معاشرے میں خواتین با اختیار ہیں اور ان کا بطور بہن،ماں، بیٹی اور بیوی بہت احترام کیا جاتا ہے۔

(جاری ہے)

​​انہوں نے کہا کہ ہم اپنی ثقافت کو بھول رہے ہیں اور مغربی ثقافت کو ہمارے معاشرے میں پروان چڑھایا جا رہا ہے۔وائس چانسلر نے مزید کہا کہ جو قومیں ثقافتی اقدار کو بھول جائیں وہ دنیا کے نقشے سے ختم ہو جاتی ہیں۔انہوں نے کہا کہ ثقافت کی حفاظت دنیا میں اپنی شناخت اور وقار کو برقرار رکھنے کے لئے ضروری ہے۔طلباء سے بات کرتے ہوئے ان کا مزید کہنا تھا کہ نوجوانوں کو تعلیم پر خاص توجہ دینی چاہئیے اور اپنی توانائی علم حاصل کرنے پر صرف کرنی چاہئیے۔

انہوں نے یونیورسٹی میں کلال ٹاور کے قریب یونیورسٹی سے محبت کے اظہار کے لیے بنائی گئی دستخط شدہ تختی کا بھی افتتاح کیا۔اس متعلق بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ اس اقدام کا مقصد ہمارے الما میٹر کی حوصلہ افزائی اور محبت کو فروغ دینا ہے۔خیال رہے 14فروری کو عام طور پر ویلنٹائنز ڈے منایا جاتا ہے اور دن کو محبت کے اظہار کا دن سمجھا جاتا ہے۔تاہم ہمارے ملک میں بعض لوگوں کو خیال ہے کہ یہ مغربی اقدار ہیں اور ہمیں مغربی ا قدار کو فروغ دینے کی بجائے اپنی ثقافت کو پروموٹ کرنا چاہئیے۔