شارجہ: ایشین کپ کے دوران بہت سی اشیاء سٹیڈیم میں لے جانے پر پابندی

ممنوعہ اشیاء میں کیمرے، بیٹریاں، پرفیومز، آتش بازی کا سامان، سگریٹس اور کھانے پینے کی اشیاء شامل ہیں

Muhammad Irfan محمد عرفان منگل 15 جنوری 2019 12:15

شارجہ: ایشین کپ کے دوران بہت سی اشیاء سٹیڈیم میں لے جانے پر پابندی
شارجہ(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔15 جنوری 2019ء) ایشین کپ کی سیکیورٹی کمیٹی نے شارجہ میں ہونے والے فٹ بال میچز کے لیے شائقین کو ہدایات جاری کردی ہیں جس کے مطابق سٹیڈیم میں چھڑیاں، بوتلیں، کینز، ہتھیار، تیز دھار آلات، آتش بازی کا سامان، لیزرز، پرفیومز، الیکٹرانک ڈیوائسز اور سگریٹس لانے پر مکمل پابندی عائد ہے۔سیکیورٹی کمیٹی کے مطابق یہ پابندی فیفا اور ایشین فٹ بال کمیٹی کے قواعد و ضوابط کے مطابق لگائی گئی ہیں۔

اس کے علاوہ کیمروں، بیٹریوں اور کھانے پینے کا سامان لانے کی بھی اجازت نہیں ہو گی۔ نہ ہی کوئی سٹیڈیم میں سگرٹ سُلگا سکے گا۔کوئی شخص سٹیڈیم میں باجے اور لاؤڈ سپیکر بھی نہیں لا سکتا، البتہ کچھ افراد کو اس معاملے میں انتظامیہ کی منظوری کے بعد اجازت دی جا سکتی ہے۔

(جاری ہے)

اگر کسی شخص کے پاس مذکورہ پابندی شُدہ سامان میں سے کوئی ایک بھی شے ہو گی تو اُسے سٹیڈیم میں داخل نہیں ہونے دیا جائے گا۔

ان پابندیوں کا مقصد بین الاقوامی میچز کا پُرامن انعقاد یقینی بنانا ہے اور دُنیا بھر میں امارات کے سپورٹس شائقین کا مثبت امیج اُبھارنا ہے جو میچ سے لُطف اندوز تو ہوتے ہیں ،مگر اُوٹ پٹانگ حرکتوں سے پرے رہتے ہیں۔ یاد رہے کہ اس سے قبل ابو ظہبی پولیس کی جانب سے بھی اس کے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر خبردار کیاگیا تھا کہ کرکٹ اور فٹ بال سٹیڈیمز میں لیزر پن، پالتو جانور، براس نکل، دوائیاں، چھتریاں، چھُری چاقو، سگریٹس، پستول اور دیگر اشیاء لانا ممنوع ہو گا۔