سپریم کورٹ نے ملک میں بڑھتی ہوئی آبادی سے متعلق کیس کا فیصلہ سنادیا

بڑھتی آبادی ایک بم کی طرح ہے جس سے ملکی وسائل پر دباﺅ بڑھتا ہے. عدالت عظمی

Mian Nadeem میاں محمد ندیم منگل 15 جنوری 2019 12:26

سپریم کورٹ نے ملک میں بڑھتی ہوئی آبادی سے متعلق کیس کا فیصلہ سنادیا
اسلام آباد(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔15 جنوری۔2019ء) سپریم کورٹ نے ملک میں بڑھتی ہوئی آبادی سے متعلق کیس کا فیصلہ سنادیا جس میں کہا گیا ہے کہ بڑھتی آبادی ایک بم کی طرح ہے جس سے ملکی وسائل پر دباﺅ بڑھتا ہے اس لیے آبادی کی منصوبہ بندی کے لیے پوری قوم کو ساتھ چلنا ہے. سپریم کورٹ میں چیف جسٹس میاں ثاقب نثار کی سربراہی میں 3 رکنی بینچ نے ملک میں بڑھتی ہوئی آبادی سے متعلق کیس کی سماعت کی اور فیصلہ سنادیا.

عدالت عظمیٰ نے فیصلے میں کہا کہ بڑھتی ہوئی آبادی وسائل پر دباﺅ ہے اور یہ ایک بم کی مانند ہے. فیصلے میں کہا گیا کہ مذہبی اسکالرز، سول سوسائٹی اور حکومت آبادی کم کرنے کے لیے اقدامات کریں، آبادی کم کرنے کے لیے مہم چلانے کی ضرورت ہے.

(جاری ہے)

عدالت عظمیٰ نے کہاکہ یہ آئندہ نسلوں کے مستقبل کا سوال ہے اور آبادی کی منصوبہ بندی کے لیے پوری قوم کو ساتھ چلنا ہے، 2 بچے فی گھرانہ سے بھی آبادی پر قابو پانے میں مدد ملے گی.

چیف جسٹس نے فیصلے میں کہا کہ آبادی سے متعلق پارلیمنٹ اور انتظامیہ سمیت تمام اسٹیک ہولڈرز کو مل کر کام کرنا ہو گا، ریاست کے تمام ستونوں کو آبادی میں اضافہ کم کرنے سے متعلق سفارشات پر مل کرنا ہوگا. گزشتہ روز سپریم کورٹ میں آبادی سے متعلق کیس کی سماعت کے دوران چیف جسٹس میاں ثاقب نثار نے ریمارکس دیے تھے کہ اگر آبادی کے لیے بنائی گئی ٹاسک فورس کی سفارشات پر حکومت نے عمل درآمد نہیں کیا تو یہ ملکی تباہی کا باعث بنے گا.

واضح رہے کہ عدالت نے آبادی میں اضافے کی روک تھام کے لیے سیکرٹری صحت سے 4 ہفتے میں مکمل ایکشن پلان طلب کیا تھا. گزشتہ سال 3 جولائی کو ملک میں بڑھتی آبادی پر ازخود نوٹس کیس کی سماعت میں چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے تھے کہ ہم کس چکر میں پھنس گئے ہیں کہ بچے کم پیدا کرنا اسلام کے خلاف ہے، کیا ملک اس قابل ہے کہ ایک گھر میں 7 بچے پیدا ہوں؟ کیا ملک میں اتنے وسائل موجود ہیں؟چیف جسٹس نے مزید ریمارکس دیے تھے کہ ملک میں آبادی تیزی کے ساتھ بڑھ رہی ہے، کیا ملک اس قابل ہے کہ ایک گھر میں 7 بچے پیدا ہوں، لوگ مرغیوں کے دڑبے میں بھی اضافی جگہ بناتے ہیں جبکہ ملک میں آبادی کی شرح میں اضافہ بم کی مانند ہے.