سعودی عر ب نے دمشق میں سفارت خانہ کھولنے سے متعلق بے بنیاد خبر کی تردید کردی

منگل 15 جنوری 2019 12:52

سعودی عر ب نے دمشق میں سفارت خانہ کھولنے سے متعلق بے بنیاد خبر کی تردید ..
ریاض(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 جنوری2019ء) سعودی عرب نے شام کے دارالحکومت دمشق میں اپنا سفارت خانہ دوبارہ کھولنے سے متعلق بعض خبری ویب گاہوں کی رپورٹس کی تردید کردی ہے۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق سعودی وزارت خارجہ کے ایک سرکاری ذریعے نے ان مبینہ رپورٹس کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ ایسے بیانات مکمل طور پر غلط اور بے بنیاد ہیں۔

سعودی عہدہ دار بعض ویب گاہوں کی جانب سے وزیر خارجہ ڈاکٹر ابراہیم بن عبدالعزیز العساف سے منسوب ایک بیان کی تشہیر کا حوالہ دے رہے تھے۔

(جاری ہے)

ان سے یہ الفاظ منسوب کیے گئے تھے کہ سعودی عرب دمشق میں اپنا سفارت خانہ دوبارہ کھول رہا ہے۔سعودی عرب کے ہم اتحادی ملک متحدہ عرب امارات نے گذشتہ ماہ دمشق میں اپنا سفارت خانہ دوبارہ کھولنے کا اعلان کیا تھا۔

بحرین نے بھی دسمبر کے آخر میں یہ اعلان کیا تھا کہ دمشق میں سفارت خانہ کھولنے کے لیے کام جاری ہے ا ور دونوں ملکوں کے درمیان پروازیں کسی تعطل کے بغیر جاری ہیں۔واضح رہے کہ سعودی عرب ، متحدہ عرب امارا ت او ر دوسرے عرب ممالک نے شام میں 2011ء کے اوائل میں صدر بشار الاسد کے خلاف عوامی احتجاجی تحریک برپا ہونے کے بعد اپنے سفارت خانے بند کردیے تھے۔