وزارت منصوبہ بندی چینی سرمایہ کاروں کو ہر ممکن سہولیات فراہم کرنے کیلئے اقدامات کرے گی ،

زراعت کے شعبہ میں جائنٹ وینچرز اور بزنس ٹو بزنس روابط کو فروغ دیا جا رہا ہے وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی و اصلاحات مخدوم خسرو بختیار کی چینی سفیر یائو جنگ سے گفتگو

منگل 15 جنوری 2019 17:32

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 جنوری2019ء) وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی و اصلاحات مخدوم خسرو بختیار نے کہا ہے کہ وزارت منصوبہ بندی چینی سرمایہ کاروں کو ہر ممکن سہولیات فراہم کرنے کیلئے اقدامات کرے گی، زراعت کے شعبہ میں جائنٹ وینچرز اور بزنس ٹو بزنس روابط کو فروغ دیا جا رہا ہے،8ویں جے سی سی کے موقع پر دستخط ہونے والے مفاہمتی یادداشت سے سی پیک صنعتی تعاون کو فروغ ملے گا۔

ان خیالات کا اظہار انہوںنے منگل کو پلاننگ کمیشن میں چینی سفیر یائو جنگ سے ملاقات کے دوران کیا۔ ملاقات میں دوطرفہ تعلقات و سی پیک کے مختلف منصوبوں پر پیشرفت کا جائزہ لیا گیا۔ چینی سفیر نے 8 ویں سی پیک جے سی سی کے کامیاب انعقاد پر خراج تحسین پیش کیا۔ ملاقات کے دوران سی پیک کے تحت جائنٹ وینچرز و پاکستانی برآمدات کو بڑھانے کیلئے اقدامات جاری رکھنے پر اتفاق کیا گیا۔

(جاری ہے)

سال 2019 ء صنعتی، سماجی و معاشی اور زرعی تعاون کا سال قراردیا۔ ملاقات میں گوادر ایئر پورٹ و دیگر سماجی منصوبوں کے تین ماہ میں سنگ بنیاد رکھنے پر اتفاق کیا گیا۔ اس موقع پر وفاقی وزیر نے کہا کہ 8ویں جے سی سی کے موقع پر دستخط ہونے والی مفاہمتی یادداشت سے سی پیک صنعتی تعاون کو فروغ ملے گا۔ وفاقی وزیر مخدوم خسرو بختیار نے کہا کہ ٹیکسٹائل، پیٹرو کیمیکلز و آئرن اینڈ سٹیل کے شعبہ میں چینی سرمایہ کاری لانے کیلئے اقدامات جاری ہیں، وزارت منصوبہ بندی چینی سرمایہ کاروں کو ہر ممکن سہولیات فراہم کرنے کیلئے اقدامات کرے گی، پاکستان میں کاروبار کیلئے آسانیاں فراہم کرنے کیلئے پالیسی اصلاحات کا عمل جاری ہے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ سماجی و معاشی شعبہ میں تعاون کا اجراء جے سی سی کی اہم کامیابی ہے، سماجی شعبہ کے منصوبوں سے ملک کے پسماندہ علاقوں میں ترقی کا عمل شروع ہو گا، زراعت، تعلیم، صحت، غربت کے خاتمہ، آبنوشی و فنی تربیت کے منصوبے جلد از جلد عملی بنائے جا رہے ہیں، زرعی تعاون جائنٹ ورکنگ گروپ کا قیام سی پیک کو زرعی شعبہ تک وسعت دے گا۔ وفاقی وزیر نے کہاکہ چینی سرمایہ کاروں کو زراعت و فوڈ پروڈکشن، پروسسنگ، لاجسٹک و مارکیٹنگ میں وسیع مواقع سے استفادہ کرنا چاہئے، زراعت کے شعبہ میں جائنٹ وینچرز اور بزنس ٹو بزنس روابط کو فروغ دیا جا رہا ہے۔

اس موقع پر چینی سفیر نے کہا کہ جے سی سی کے توسط سے اہداف کا حصول و سی پیک کو وسعت دینے کا عمل ممکن ہوا ہے، سرمایہ کاروں کیلئے پاکستانی حکومت کی کوششیں قابل تحسین ہے، چینی سفیر نے کہا کہ بڑی تعداد میں چینی سرمایہ کار جلد پاکستان کا دورہ کر رہے ہیں جس سے دوطرفہ معاشی تعاون مزید مضبوط ہو گا۔