جرمنی کو ایران کے خصوصی مالیاتی نظام پر جلد عملدرآمد کی توقع

بدھ 16 جنوری 2019 10:30

برلن ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 جنوری2019ء) جرمنی کے وزیر خارجہ نے امید ظاہر کی ہے کہ ایران کے لئے یورپ کا خصوصی مالیاتی نظام آئندہ چند ہفتوں میں کام شروع کردے گا۔روزنامہ شپیگل کو انٹرویو دیتے ہوئے جرمن وزیر خارجہ ہیکو ماس کا کہنا تھا کہ یورپ تیزی کے ساتھ ایران کے ساتھ مالیاتی لین دین کے خصوصی نظام ایس پی وی پر کام کر رہا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے امید ظاہر کی کہ ایس پی وی نظام کو آئندہ چند ہفتوں میں حتمی شکل دے دی جائے گی اور یہ فعال کردیا جائے گا۔جرمن وزیر خارجہ نے امریکی پالیسیوں پر یورپی ردعمل کے بارے میں کہا کہ یک قطبی نظام کے مقابلے کے لیے امریکہ کے مدمقابل یورپی محاذ کو تقویت دینا ہوگی۔واضح رہے کہ یورپی یونین نے کئی ماہ پہلے ایران کے ساتھ ہونے والے ایٹمی معاہدے کے بارے میں امریکی پالیسیوں کا مقابلہ کرنے کی غرض سے خصوصی مالیاتی نظام کے قیام کا اعلان کیا تھا تاہم وہ ابھی تک ایران سے کیے گئے اپنے وعدے پورے کرنے میں ناکام دکھائی دے رہی ہے۔