پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی نے غیر رجسٹرڈ موبائل فونز بند کرنا شروع کر دیئے

ڈیوائسز درآمدی موبائل فونز پر ٹیکس ادائیگی اور رجسٹریشن کے معاملے پر ڈیڈلائن ختم ہونے کی وجہ سے بند ہوئیں جس پر توسیع کا فیصلہ نہیں ہوسکا

بدھ 16 جنوری 2019 22:20

پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی نے غیر رجسٹرڈ موبائل فونز بند کرنا ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 16 جنوری2019ء) ملک بھر میں غیراستعمال شدہ، چوری اور اسمگل شدہ موبائل فونز اور انٹرنیٹ ڈیوائسز مقررہ ڈیڈ لائن 15 جنوری کے بعد بند ہوگئیں۔ ڈیوائسز درآمدی موبائل فونز پر ٹیکس ادائیگی اور رجسٹریشن کے معاملے پر ڈیڈلائن ختم ہونے کی وجہ سے بند ہوئیں جس پر توسیع کا فیصلہ نہیں ہوسکا۔ تفصیلات کے مطابق موبائل فونز پر ٹیکس ادائیگی اور رجسٹریشن کے معاملے پر حکومت کی جانب سے دی جانے والی ڈیڈ لائن ختم ہوگئی۔

رجسٹریشن کی تاریخ میں توسیع کا نوٹی فیکیشن جاری نہ ہوسکا، جس کے بعد 15 جنوری سے ملک بھر میں چوری، اسمگل شدہ موبائل فونز اور انٹرنیٹ ڈیوائسز بند کردی گئیں۔ ڈیوائسز پر آٹو میٹک بلاکنگ سسٹم کو لاگو کردیا گیا ہے، جس کے تحت وہ تمام موبائل فون جو ڈبل آئی ایم ای آئی کے حامل اور چوری شدہ تھے وہ اب کارآمد نہیں ہوں گے۔

(جاری ہے)

غیر رجسٹرڈ اور اسمگل شدہ موبائل فونز کی بندش کا فیصلہ سینیٹ کی قائمہ کمیٹی کی تجاویز کے برعکس کیا گیا جس میں ان ڈیوائسز کو مزید 10 روز بند کرنے کا کہا گیا تھا۔

یاد رہے کہ اکتوبر میں پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی ای) نے موبائل صارفین کو خبردار کیا تھا کہ جن موبائل فونز کے آئی ایم آئی نمبرز رجسٹرڈ نہیں ہیں، انہیں 20 اکتوبر تک بند کردیا جائے گا تاہم عوامی دبا کے باعث اس ڈیڈ لائن میں 31 دسمبر اور پھر 15 جنوری تک توسیع کی گئی۔ پی ٹی اے حکام کے مطابق ڈیڈ لائن کے بعد موبائل رجسٹریشن پر دس فیصد جرمانہ ہوگا۔

پی ٹی اے کے ترجمان کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ اب سے ہر وہ فون جو چوری کیا جائے گا اور اس کی رپورٹ پی ٹی اے کو کی جائے گی، وہ فوری بند کر دیا جائے گا، یا پی ٹی اے اس کا سراغ لگا کر موبائل فون کے اصل مالک تک پہنچانے کا کہے گا۔ پی ٹی اے نے اس حوالے سے باقاعدہ نظام وضع کر لیا ہے۔ پی ٹی اے کے مطابق اب کوئی مسافر بیرون ملک سے کوئی موبائل فون لاتا ہے تو وہ ایئرپورٹ پر ٹیکس کی ادائیگی کے بعد پاکستانی حدود کے اندر اسے قابل استعمال بنا سکتا ہے۔ پی ٹی اے کی طرف سے موبائل فون رجسٹر کروانے کی 15 جنوری آخری تاریخ تھی۔