حکومت سندھ تھر کے لوگوں کو خود کفیل بنانے کیلئے منصوبہ بندی کر رہی ہے،ڈویژنل کمشنر میرپورخاص

اتوار 20 جنوری 2019 20:40

مٹھی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 جنوری2019ء) ڈویژنل کمشنر میرپورخاص عبدالوحید شیخ نے کہا ہے کہ حکومت سندھ کی جانب سے تھر میں قحط کی صورتحال کو مد نظر رکھتے ہوئے ہنگامی بنیادوں پر امدادی سرگرمیوں کا آغاز کیاگیا ہے، جو ایک انقلابی قدم ہے، اس کے ساتھ ساتھ تھر میں غربت کو کم کرنے کیلئے تھر کے لوگوں کو خود کفیل بنانے کیلئے منصوبہ بندی کر رہی ہے، تاکہ وہ مستقبل میں قحط جیسی صورتحال سے نمٹنے کے قابل بن سکیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے سندھ رورل پارٹنر آرگنائیزیشن (ایس آر پی او )سماجی تنظیم کے پروجیکٹ صحتمند مویشی کمپوننٹ کے تحت تعلقہ ڈیپلو کے یونین کونسل جھرمریو کے گاؤں کنورل میں چھوٹے اور بڑے جانوروں کا چارہ اور غریب گھرانوں کی خواتین کی مالی امداد کیلئے ٹارگیٹ 100غریب گھرانوں کی خواتین میں 6ہزار کے حساب سے 2ماہ کیلئے 12ہزار روپے نقعد رقم تقسیم کرنے کے پروگرام کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ دنیا میں تھر جیسے ریگستانی کئی علاقے موجود ہیں جہاں شہروں کے مقابلے میں بنیادی سہولیات میسر نہ ہونا اور سفر کرنا تمام مشکل ہوتا ہے مگر ان علاقوں کے لوگوں نے دنیا میں ہونے والے جدید رابطوں کے اصولوں کو اپناتے ہوئے اپنے علاقوں میں تبدیلیاں رونما کی ہیں اور آج وہ اپنی خوشحال زندگی گذار رہے ہیں۔ ڈویژنل کمشنر عبدالوحید شیخ نے مزید کہا کہ حکومت سندھ کی ہر ممکن کوشش ہے کہ تھر کے قحط متاثرین میں مفت امدادی گندم کی فراہمی کے ساتھ مستقبل میں قحط کی صورتحال سے نمٹنے کیلئے مستقل بنیادوں پر ایسے منصوبے شروع کئے جائیں جس سے نہ صرف غربت کو کم کیا جائیبلکہ وہ اپنا روزگار شروع کر کے خود کفیل بن سکیں، جس میں گھروں کے باہر موسمی سبزیوں کی پیداوار کیلئے کچن گارڈن اور فصلوں اور سبزیوں کی پیداوار کیلئے ڈرپ ایریگیشن سسٹم متعارف کروانے جیسے منصوبے شامل ہیں۔

انہوں نے مزید کہا سول ہسپتال مٹھی میں مزید بہتر صحت کی سہولیات کی فراہمی کیلئے مختلف وارڈکا قیام اور توسیع کا کام جاری ہے جس سے صحت کی سہولیات کی فراہمی میں مزید بہتری آئیگی۔ انہوں نے کہا کہ ایس آر پی او کی تھر کے لوگوں کی مشکل وقت میں مدد کرنا قابل تعریف ہے۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر تھرپارکر محمد آصف جمیل نے کہا کہ ضلع انتظامیہ تھر کے لوگوں کی بہتری کیلئے کوشاں ہے اور کہا کہ تھر میں قحط متاثرین کی ہر ممکن مدد فراہم کرنے کیلئے امدادی سرگرمیاں روزانہ کی بنیاد پر جاری رکھی ہوئی ہیں اور ان کے درپیش مسائل کو فوری طور پر حل کیا جا رہا ہے۔

قبل ازیں سندھ رورل پارٹنر آرگنائیزیشن کی ایگزیکیٹو ڈائریکٹر زاہدہ ڈیتھو نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سندھ رورل پارٹنر آرگنائیزیشن سندھ کے 24اضلاع میں لوگوں کی بہتری ، دیہی علاقوں کی ترقی خاص طور پر پسماندہ علاقوں کی خواتین کی بہتری کیلئے کام کر رہی ہے۔ اس پروجیکٹ کے تحت تھر کے 43 دیہاتوں پر کام کیا گیا ہے جہاں 2375لوگوں کی بہتری کا کام ، 15ہزار چھوٹے مویشیوں کو چارہ ، 500بڑے مویشیوں کا چارہ ، 100غریب گھرانوں کی خواتین کی مالی امداد ، 30ہزار جانوروں کی ویکسنینیشن ، 76آگاہی پروگرام جانوروں کیلئے 375000کلو گرام وانڈا خوراک تقسیم کی گئی جبکہ آج کے پروگرام میں دیہات کے 147مویشی مالکان میں چارہ ، 12غریب گھرانوں کی خواتین کو ۶ ہزار روپیکے حساب سے 2ماہ کیلئے 12ہزار روپے مالی امداد ، 1008چھوٹے جانوروں کی خوراک کے کٹے تقسیم کئے جا رہے ہیں۔

تقریب میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرٹو و اسٹنٹ کمشنر ڈیپلو کبیر شاہ، مختیار کار ڈیپلو غلام مصطفی کھوسو، ڈپٹی ڈائریکٹر لائیو اسٹاک ڈاکٹر نوبت خان کھوسو، چئیرمین ٹاؤن کمیٹی ڈیپلو موہن لال اور دیہات کو لوگوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔