شاہ عبداللطیف یونیورسٹی خیرپور میں پاکستان کی ترقی، خوشحالی اور تحفظ میں خواتین کا کردار کے عنوان پر صوبائی مذاکرہ

پیر 21 جنوری 2019 20:50

سکھر۔21جنوری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 جنوری2019ء) شاہ عبداللطیف یونیورسٹی خیرپورکی جانب سے اقوام متحدہ کے ترقیاتی پروگرام (یو این ڈی پی) اور انسان فائونڈیشن ٹرسٹ کے اشتراک سے پاکستان کی ترقی، خوشحالی اور تحفظ میں خواتین کا کردار کے عنوان پر صوبائی مذاکرہ منعقد ہوا ۔ اس مذاکرے میں یو این ڈی پی اور انسان فائونڈیشن ٹرسٹ کے نمائندوں نے اسکائپ کے ذریعے شرکت کی کیونکہ وہ خراب موسم اور پروازوں کی منسوخی کے باعث یونیورسٹی نہیں پہنچ سکے۔

میریٹوریس پروفیسر ڈاکٹر محمد یوسف خشک پرووائیس چانسلر شاہ عبداللطیف یونیورسٹی خیرپور نے مذاکرے کی صدارت کی اور خواتین کے کردار پر سیر ِ حاصل گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ترقی یافتہ اور خوشحال پاکستان کا خواب خواتین کی شرکت کے بغیر پورا نہیں ہوسکتا۔

(جاری ہے)

ہمیں چاہئے کہ ہم ہر میدان میں خواتین کو بہتر مواقع فراہم کریں ۔ انہوں نے کہا کہ ایک خواندہ خاتون ایک خواندہ خاندان کی ضمانت ہے لہذا خواتین کو تعلیم کے زیادہ سے زیادہ مواقع فراہم کرنے چاہیئں۔

پینل ڈسکشن میں نامور محققین اور اسکالرز سائرہ سولنگی، خادم حسین میرانی، آدم ملک، تسلیم عالم ابڑو اور ڈاکٹر آغا نادیہ پٹھان نے شرکت کی۔ اس موقع پر سوالات کے جوابات دیتے ہوئے شرکاء محققین نے شرکاء کو بتایا کہ پاکستان میں خواتین کی ترقی کیلئے قوانین موجود ہیں لیکن بدقسمتی سے ان پر صحیح طریقے سے عمل نہیں ہورہا جس کی اہم وجہ آگہی کا نہ ہونا اور ثقافتی عوامل ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے معاشرے میں خواتین کو عزت اور مقام نہیں دیا جاتا جس کی وجہ سے خواتین معاشرے کا متحرک حصہ نہیں بن پاتی اور استحصال کا شکار ہوجاتی ہیں۔ اس موقع پر شرکاء کا شکریہ ادا کرتے ہوئے ڈاکٹر آغا نادیہ پٹھان نے کہا کہ یونیورسٹی کی خاتون وائیس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر پروین شاہ کی انتھک اور دلیرانہ کوششوں کی وجہ سے یونیورسٹی میں طالبات کی تعداد میں اضافہ ہورہا ہے اور امید ہے کہ یہ طالبات بہتراور معیاری تعلیم حاصل کرکے معاشرے میں مقام حاصل کریں گی۔

علاوہ ازیں انسان فائونڈیشن ٹرسٹ کے آصف رانا اور کشور سلطانہ اور یو این ڈی پی کی سعدیہ چوہدری نے اسکائپ کے ذریعے خطاب کیا انہوں نے طالبات کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے کہا کہ وہ تعلیم کے حصول میں بھرپور محنت کریں تاکہ ملک میں ترقی اور خوشحالی آسکے۔ یونیورسٹی کے میڈیا کو آرڈنیٹر محمد ابراہیم کھوکھر نے مذاکرے میں نظامت کے فرائض سرانجام دیئے ۔