اہم شخصیات کی موجودگی میں پاک و ہند آغاز دوستی کی جانب سے پیس کلینڈر جاری

پیس کلینڈر کا مقصد دونوں ممالک کے عوام کو نزدیک لاکر نفرتوں کو مٹانا اور محبتوں کو اجاگر کرنا ہے،مقررین

منگل 22 جنوری 2019 15:21

اہم شخصیات کی موجودگی میں پاک و ہند آغاز دوستی کی جانب سے پیس کلینڈر ..
نئی دہلی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 جنوری2019ء) انٹرنیشنل سینٹر نئی دہلی میں پاک وہند آغاز دوستی کی جانب سے نئی دہلی میں پر وقار تقریب منعقد ہوئی جس میں اہم شخصیات کی موجودگی میں ساتواں پیس کلینڈرجاری کردیا گیا۔بھارتی ٹی وی کے مطابق پاک و ہند آغاز دوستی کی تقریب میں کئی نامور شخصیات کے ساتھ ساتھ طلباء کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

تقریب کا مقصد بیان کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ پاک وہند دوستی برصغیر کے امن کے لئے انتہائی لازمی ہے۔ اس موقع پر مقررین نے دونوں ممالک کو امن کا پیغام دیتے ہوئے آپسی رشتوں کو استوار کرنے پر زور دیا۔ پیس کلینڈر کا مقصد دونوں ممالک کے عوام کو نزدیک لاکر نفرتوں کو مٹانا اور محبتوں کو اجاگر کرنا ہے۔ پیس کیلنڈر میں پاک وہند کے طلباء کی جانب سے بنائے گئی تصاویر کو شائع کرنے کے سلسلے میں چھ اہم تصاویر کو بہترین مان کر کیلنڈر کی اشاعت کیلئے چن لیا گیا۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ کلینڈر کی اجرائی کی تقریب کے علاہ اس موقع پر ایک سمینارکا انعقاد کیا گیا جس میں پاک وہند کی جن سرکردہ شخصیات نے تقاریر کیں ان میں معروف اسکالر مولانا وحید الدین خان، (اٹل بہاری واجپائی کے خاص ساتھی) سدھیندرا کلکرنی، میجر جنرل ٹی کے کول ایگزیکیٹو صدر پاک وہند شامل ہیں۔ جب کہ فوجی امن مذاکرات نے پاکستانی لفٹینٹ جنرل ہمایوں بنگش کے پیغام کو پڑھ کر حاضرین کو سنایا۔

اس کے علاوہ میجر جنرل ایم اے نائیک، سینئر صحافی حسن لسکر، بریگیڈیئر انیل ملہوترا نے بھی خطاب کیا۔پیس کلینڈرمیں جن 12 اہم شخصیات کے پیغامات موجود ہیں ان میں ہندوستان کے مولانا وحید الدین خان، نندیتا داس، میجر جنرل ٹی کے کول، پروفیسر ہپی مون جیکب، رانا صفوی، راج گوپا پی وی اور پاکستان کے مہمل سرفراز، حسین نقی، امرناتھ رندھاوا، ڈاکٹر اشوک کمار، ڈاکٹر رخسانہ ڈیوڈ اور عائشہ جلال ہیں۔اس موقع پر کنوینر دیویکا متل اور روی نتیش نے بتایا کہ پاک وہند آغاز دوستی کے تحت آج تک دونوں ممالک کے سات ہزار طلبا کو امن کی تربیت دینے کے ساتھ ساتھ نوجوانوں کیلئے 25 امن اجلاس پاک وہند میں منعقد کئے گئے ۔