پشاور سے تخت بھائی اور اٹک تک مستقل بنیادوں پر سفاری ٹرین چلائیں گے، عاطف خان

منگل 22 جنوری 2019 19:00

پشاور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 جنوری2019ء) خیبرپختونخوا کے سینئر وزیر برائے سیاحت،آرکیالوجی،کھیل و امور نوجوانان عاطف خان نے پشاور سے تخت بھائی اور اٹک تک مستقل بنیادوں پر سفاری ٹرین چلانے کا اعلان کیا۔ پشاور سے اٹک تک بھی تعارفی سفاری ٹرین چلائی گئی ہے اور اب یہ ٹرین بھی مستقل بنیاد پر چلائی جائیگی جس کے لئے محکمہ ریلوے روایتی اسٹیم انجن فراہم کرے گا۔

اسکے علاوہ پشاور سے تخت بھائی تک ریلوے ٹریک کی مرمت مارچ میں مکمل ہوجائے گی جس کے بعد باقاعدہ طورپرپشاور سے تخت بھائی تک بھی سفاری ٹرین چلائی جائے گی جس سے سیاحوں کو تخت بھائی کے آثار قدیمہ تک رسائی میں مدد ملے گی۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کے روز ایک اعلی سطحی اجلاس میں کیا جسمیں محکمہ سیاحت اور ریلوے کے اعلی حکام شریک تھے۔

(جاری ہے)

اجلاس میں پشاور سے طورخم تک سفاری ٹرین کی دوبارہ بحالی کے حوالے سے بھی تفصیلی گفتگو ہوئی اور پشاور سے طورخم تک ریلوے ٹریک کی مرمت کے طریقہ کار کو جلداز جلد عملی شکل دینے کی تجویز دی گئی۔ اجلاس میں اٹک خرد اسٹیشن پر سیاحوں کے لئے ریسٹورانٹ کے قیام کی بھی باقاعدہ منظوری دی گئی جو پرائیویٹ سیکٹر، ریلوے اور محکمہ سیاحت کے تعاون سے بنایا جائے گا۔

اجلاس میں سفاری ٹرین کی بوگیوں کی تزئین و آرائش اور آرام دہ بنانے پر بھی اتفاق کیا گیا۔سینئر وزیر نے کہا کہ صوبے میں سیاحت کو فروغ دینے کے لئے ریلوے کا کردار انتہائی اہم ہے ۔ انہوں نے کہا کہ قبائلی اضلاع میں سیاحت کے بڑے مواقع موجود ہیں۔ نئے قبائلی اضلاع سمیت صوبے میں موجود دیگر تمام غیر فعال ٹریکس کو دوبارہ بحال کرنے کے لئے بھی ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کئے جائیں گے۔