کمشنر لاہور کی زیر صدا رت جاری ترقیاتی اسکیموں کے حوالے سے اجلاس، 389 اسکیموں کا جائزہ لیا گیا

منگل 22 جنوری 2019 20:00

لاہور۔22 جنوری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 جنوری2019ء) کمشنر لاہور ڈویژن ڈاکٹر مجتبیٰ پراچہ نے لاہور ڈویژن کی 2018-19 کی جاری ترقیاتی اسکیموں پر کام کی رفتار کے حوالے سے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہا کہ لاہور ڈویژن سے واگزار کرائی جانے والی سینکڑوں کنال اراضی کے بڑے حصے پر بوٹینیکل فارسٹ قائم کیا جائے گا جس کا افتتاح اگلے ماہ متوقع ہے۔

انہوں نے سپورٹس کی جاری ایک ترقیاتی اسکیم میں زمین کے حصول کے مسئلہ پر ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ متعلقہ ڈپٹی کمشنر سے رابطہ کیا جائے اور حالیہ تجاوزات کے خلاف آپریشن سے واگزار ہونے والی مناسب زمین پر اسکیم کو مکمل کیا جائے۔ کمشنر لاہور کی زیر صدارت منعقدہ اجلاس میں کل 389 جاری ترقیاتی اسکیموں کا جائزہ لیا گیا اور ان کی تکمیل میں پیش آنے والے مسائل کے حل کے لیے ہدایات جاری کی گئیں۔

(جاری ہے)

اجلاس میں محکمہ کھیل کی 15، محکمہ آبپاشی کی 12، محکمہ جنگلات کی 8، محکمہ آثار قدیمہ کی 13، محکمہ ہائر ایجوکیشن کی 10، لوکل گورنمنٹ کی 46، محکمہ پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کی 10 اور محکمہ بلڈنگز کی 240 اسکیموں کا جائزہ لیا گیا۔ کمشنر نے کہا کہ ترقیاتی اسکیموں میں شجرکاری کے لیے مختص ایک فیصد بجٹ کو شجرکاری اور آکسیجن پاکٹس کے قیام کے لیے منصوبہ بندی کے ساتھ زیر عمل لایا جائے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب کلین اینڈ گرین مہم کا جزو اعظم شجرکاری ہے جس کے ذریعے سے آلودگی اور سموگ پر قابو پایا جا سکتا ہے۔ کمشنر کی زیر صدارت اجلاس میں تمام اضلاع کے ڈپٹی ڈسٹرکٹ آفیسرز پلاننگ اور تمام محکموں کے فوکل پرسنز نے شرکت کی۔ انہوں نے تجویز دی کہ محکمہ آثار قدیمہ کو پورے پنجاب کی بنیاد پر تمام تاریخی و ثقافتی اعتبار سے حامل عمارات کا تحقیقی بنیادوں پر سروے کروانا چاہیے تاکہ آج نہیں تو کل ان کے حوالے سے کام کیا جا سکے۔