طوفانی ژالہ باری کے بعد سالٹ رینج مسافروں کے لیے خطرناک قرار

موٹروے پولیس نے مسافروں کے لیے ہنگامی وارننگ جاری کر دی

Syed Fakhir Abbas سید فاخر عباس منگل 22 جنوری 2019 23:21

طوفانی ژالہ باری کے بعد سالٹ رینج مسافروں کے لیے خطرناک قرار
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 21 جنوری2019ء) طوفانی ژالہ باری کے بعد موٹروے سالٹ رینج کا علاقہ خطرناک قرار دے دیا گیا۔موٹروے پولیس نے مسافروں کے لیے تنبیہہ جاری کردی۔تفصیلات کے مطابق M-2 موٹروے لاہور سے اسلام آباد جانے کے لیے موثر ترین راستہ ہے ۔وفاقی اور صوبائی دارلحکومتوں کو جوڑنے والی یہ شاہراہ ہر روز ہزاروں مسافروں کی جانب سے استعمال کی جاتی ہے تاہم یہی موٹروے جب سالٹ رینج سے گزرتی ہے تو دشوار گزار علاقے کے باعث خطرناک ہو جاتی ہے۔

(جاری ہے)

موٹروے کے اس مخصوص حصے میں مسافروں کے لیے متعدد سائن بورڈ آویزاں ہیں۔اس کے باوجود یہاں حادثات وقوع پذیر ہوتے ہیں۔آج بھی شدید ژالہ باری کے بعد سالٹ رینج میں متعدد حادثات دیکھنے کو ملے جس کے بعد موٹروے پولیس کی جانب سے موٹروے سالٹ رینج کا علاقہ خطرناک قرار دے دیا گیا۔موٹروے پولیس کی جانب سے مسافروں کو جاری کئیے گئے تنبیہی پیغام میں کہا گیا ہے کہ موٹروے سالٹ رینج کا علاقہ شدید ژالہ باری کے بعد سفر کے لیے خطرناک ہو چکا ہے اس لئیے موٹروے پر سفر کرنے والے سالٹ رینج اور اسلام آباد کے نواحی علاقوں سے گزرتے وقت احتیاط کریں۔